دائرۃ المعارف الاسلامیہ یا انسائیکلوپیڈیا آف اسلام (انگریزی: Encyclopaedia of Islam) انگریزی زبان میں مسلمانوں اور اسلامی موضوعات مثلا تاریخ اسلام پر مبنی ایک دائرۃ المعارف ہے۔ یاد رہے کہ یہ اسلام کا دائرۃ المعارف نہیں بلکہ اسلامی دنیا کے بارے میں ایک دائرۃ المعارف ہے۔ اسے تحقیقی دنیا میں ایک معیاری دائرۃ المعارف سمجھا جاتا ہے۔ اسے ہر موضوع پر بہترین ماہرین نے تحریر کیا ہے اور اسے مکمل ہونے میں چالیس سال کا عرصہ لگا۔ اسے پہلے پہل 1913ء سے لے کر 1938ء تک انگریزی، فرانسیسی اور آلمانی (جرمن) زبانوں میں شائع کیا گیا۔ بعد میں اس کے کچھ حصوں کا اردو، ترکی اور عربی زبانوں میں بھی ترجمہ شائع ہوتا رہا۔ اردو میں اسے مختصر اردو دائرہ معارف اسلامیہ کے نام سے جامعہ پنجاب (پنجاب یونیورسٹی) لاہور نے 1953ء سے 1993ء تک مختلف حصوں میں شائع کیا ہے۔
اب 24 جلدوں میں اردو دائرہ معارف اسلامیہ دراصل دائرۃ المعارف الاسلامیہ کا اردو زبان میں کیا گیا ترجمہ ہے ۔ 1948ء میں جامعہ پنجاب کے تحت منعقد ہونے والی پہلی اردو کانفرنس میں پرنسپل اورئینٹل کالج، جامعہ پنجاب ڈاکٹر مولوی محمد شفیع، لیکچرار اردو، اورئینٹل کالج، جامعہ پنجاب ڈاکٹر سید عبد اللہ نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ جامعہ پنجاب ایک اسلامی دائرۃ المعارف کے ترجمہ کا بیڑا اُٹھائے جیسے کہ جامعہ لائیڈن نے دائرۃ المعارف الاسلامیہ شائع کیا۔ اِس تجویز پر عملدرآمد 1950ء میں ہوا جب جامعہ پنجاب میں ایک ادارہ اِس کام کے لیے قائم کیا گیا جو بعد ازاں شعبہ اردو دائرہ معارف اسلامیہ کہلایا۔