معیاری تعلیم کیا ہے ؟
محمد جاوید
نظام تعلیم میں اصلاح ہوتی رہنی چاہیے تاکہ وہ وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہے اور اپنے اپنی خامیوں پر قابو پا سکے۔ اگر اس میں گڑ بڑ ہوتو اصلاح کی ضرورت دو چند ہو جاتی ہے۔ جب نظام تعلیم کی بات ہوتی ہے تو ساتھ ہی معیار تعلیم اور معیاری تعلیم کا ذکر آتا ہے۔ وہ نظام تعلیم جو معیاری تعلیم فراہم نہ کر سکے ناکام تصور ہوتا ہے۔ اگر ہمارے نظام تعلیم کا مقصد افراد کو تعلیم یافتہ بنانا ہے تو یقینا معیار تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہم یہ مقصد حاصل کرسکتے ہیں۔اگر ہمارے نظام تعلیم کا مقصد اجتماعی طور پر ایک تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل ہے، تو ہمیں معیاری تعلیم پر توجہ دینا ہوگی تاکہ صرف فرد ترقی نہ کرے بلکہ ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جاسکے، جیسا کہ بعض ممالک میں دیکھنے میں آتا ہے۔ فرد اور معاشرے کی ترقی کے حوالے سے یہ عنوان بھی زیربحث ہے کہ افراد ہی معاشرہ تشکیل دیتے ہیں، لیکن اس کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ معاشرہ بذات خود فرد کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جیسے سیانے کہتے ہیں کہ کوئی شخص اپنی محفل سے پہچانا جاتا ہے۔ ہمیں فرد اور معاشرے کے رشتے کو سمجھنا ہوگا جس کیلئے ہمیں پہلے معاشرے کی اکائی کیلئے، جوکہ فرد ہے، نہ صرف تعلیم بلکہ تربیت پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ فرد، معاشرہ، تعلیم، اور تربیت، یہ وہ پہلو ہیں جن پر توجہ دیئے بغیر تعلیم کے فوائد کو عام انسان تک منتقل نہیں کیا جاسکتا۔ دنیا میں وہی معاشرے ترقی کرتے ہیں جو اپنی تعلیم سے عام فرد کے معیار زندگی کو بلند کرنا جانتے ہیں۔ اس ضمن میں کلیدی کردار سائنس، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی سے وابستہ تعلیمی اداروں کا ہے، کیونکہ معاشرتی سائنس زندگی گزارنے کے طور طریقے سیکھاتی ہے جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم زندگی گزارنے کے اوزار مہیا کرتی ہے۔ اب یہ ہمارے اپنے اوپر منحصر ہے کہ ہم ان اوزاروں کو تعمیری مقاصد میں استعمال کرتے ہیں یا تخریبی۔
(روز نامہ دنیا )
(روز نامہ دنیا )