دنیا کے سب بڑے تفریحی پارک کا سنگ بنیاد
![]() |
قدیہ انٹرٹینمینٹ سٹی کے سنگ بنیاد کے موقع پر لی گئی ایک تصویر |
28 اپریل 2018 کو سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے دارالحکومت ریاض میں دنیا کے سب سے بڑے تفریحی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، قدیہ انٹر ٹینمنٹ سٹی ثقافتی مرکز بھی ہوگا ، اس کا پہلامرحلہ 2022 میں مکمل ہوگا ، قدیہ انٹر ٹینمنٹ پارک والٹ ڈزنی اور دیگر تھیم پارک کمپنیوں کی مدد سے 334 مربع کلومیٹر رقبے پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ حکام کے مطابق جدید ترین پارکوں ، موٹر سپورٹس کی سہولتوں اور سفاری ایریا پر مبنی پہلے مرحلے کی تکمیل 2022 میں متوقع ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ محض تفریحی پارک نہیں بلکہ ثقافتی مرکز بھی ثابت ہوگا ، ثقافتی پارک کے چیف ایگزیکٹوکے مطابق یہ سعودی عرب کی معیشت کی نمواور پر کشش سرمایہ کاری میں معاون ثابت ہوگا ، واضح رہے سعودی عرب میں تیل پر انحصار کم کرنے کے لے اربوں ڈالر کے لاگت سے منصوبے شروع کے گئے ہیں ۔ یہ منصوبہ بھی ولی عہد محمد بن سلمان کے اصلاحات اور سرمایہ کاری پر مبنی پروگرام وژن 2030 کا حصہ ہے ۔
اقتصادی ترقی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر القدیہ کے چیف ایگزیکٹو مائیکل
رینینگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہمیں خوشی ہے ، ہم سعودی مملکت کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔ یہاں نہ صرف تفریح کی صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ سعودی نوجوانوں کی صلاحیتوں کی ترقی کے لیے مواقع بھی دستیاب ہوں گے‘‘۔
القدیہ منصوبے کی فاؤنڈیشن کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر فہد بن عبداللہ تونسی نے کہا کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد دراصل سعودی قیادت کی خواہشات کو حقیقت کا روپ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’’ یہ سعودی قیادت کی بڑے منصوبوں کی ترقی کے لیے انتھک کوششوں کا بھی مظہر ہے۔ان منصوبوں سے بالواسطہ اور بلاواسطہ شہریوں اور مملکت دونوں ہی کو اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے اور سعودی عرب کے ویژن 2030ء کے تحت پائیدار ترقی کی جانب پیش رفت ہو گی ‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ سعودی مملکت کی دو تہائی آبادی 35 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔انھیں تفریح کے مواقع مہیا کرنے کے لیے القدیہ ایسے منصوبے کی اشد ضرورت تھی۔اس منصوبے سے 30 ارب ڈالرز کی بچت ہوگی اور اس رقم کو سعودی نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کے مختلف شعبوں پر صرف کیا جاسکے گا‘‘۔
منصوبے کی خصوصیات
القدیہ میں تفریحی سرگرمیوں کے مختلف مواقع مہیا کیے جائیں گے ۔ یہاں تربیتی ادارے قائم کیے جائیں گے ، موٹر گاڑیوں کی دوڑ کے شائقین کے لیے صحرا اور ہموار زمین میں ٹریک بنائے جائیں گے۔ پانی اور برف کے علاوہ فطری ماحول میں تفریح کے مواقع مہیا کیے جائیں گے ۔
سیاحوں اور زائرین کے لیے القدیہ میں تاریخی ، ثقافتی اور تعلیمی پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔القدیہ میں تجارتی مراکز ، ریستوراں ، ہوٹل اور رئیل اسٹیٹ کے منصوبے تعمیر کیے جائیں گے اور معاشرے کے تمام طبقات کی ضروریات کے مطابق خدمات مہیا کی جائیں گی۔