بى بى سى اردو، 26 اکتوبر 2022 ء:
انڈیا کی آزادی کے تقریباً سات دہائیوں بعد ایک ایسا شخص برطانیہ کا وزیراعظم بنا ہے جس کے خاندان کا تعلق اس کے وقت کے متحدہ ہندوستان سے تھا اور جو علاقہ اب موجودہ پاکستان میں ہے۔
رشی سونک کے برطانیہ کا وزیراعظم بننے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ چند صارفین نے ان کے ’ہندوستانی‘ ہونے پر فخر ظاہر کیا، کچھ نے ان کے ہندو نسب پر خوشی ظاہر کی ہے اور کچھ نے خبردار کیا ہے کہ اس میں انڈینز کے لیے زیادہ پرامید ہونے والی کوئی بات نہیں ہے۔
انڈیا، پاکستان اور برطانیہ آزادی اور تقسیم کے بعد طویل سفر طے کر چکے ہیں۔ انڈیا جو کہ ایک بڑا مذہبی اقلیتی آبادی والا ملک ہے وہاں ماضی میں مذہبی اقلیتی برادریوں کے کئی صدر اور ایک وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ اور فی الحال برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے میئر پاکستان نژاد فیملی سے ہیں جو کہ بٹوارے کے وقت لکھنؤ سے پاکستان چلے گئے تھے۔
لیکن یہ پہلی بار ہوا ہے کہ برطانیہ میں ایک ایسا شخص وزیر اعظم بنا ہے جو کہ ’پرسن آف کلر‘ یعنی غیر سفید فام ہے، جس کے آباؤ اجداد جنوبی ایشیا سے آئے تھے اور جو کہ ہندو مذہب سے تعلق رکھتا ہے۔