مولانا محمد سعید احمد اسعد ؒ کی شخصیت

بروز بدھ  11 جنوری2023ء، ملک کے ممتاز عالم دین،مناظر، مفسر قرآن، شیخ الحدیث، اورکئی دینی و مذہبی کتب کے مصنف مولانا محمد سعید احمد اسعد،  مختصر علالت کے بعد انتقال پاگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون 
مولانا سعید احمد اسعد ؒ کی شخصیت 

مولانا محمد سعید احمد اسعد جماعت اہلسنت و جماعت کا ایک بڑا معتبر نام ہے جو کہ مذہبی اعتبار سے بڑا قد کاٹھ رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاسی لحاظ سے بھی قوت کے حامل تھے ۔ مولانا موصوف مشہور عالم دین مفتی محمد امین رحمہ اللہ کے بڑے بیٹے ہیں جو کہ نامور محدث مولانا سردار احمد قادری رحمہ اللہ علیہ کے شاگرد اول اور خلیفہ تھے۔ آپ شاہ احمد نورانی صدیقی اور مولانا عبدالستار خان نیازی رحمہما اللہ کے ساتھ سیاست میں بھی سرگرم عمل رہے اور 1974 کی تحریک نظام مصطفی ﷺ میں خوب بڑھ چڑھ کر نہ صرف حصہ لیا بلکہ سنی اتحاد و جمعیت علما پاکستان کے مرکزی عہدوں پر بھی متمکن رہے۔ 

معروف سیاسی قائد و مذہبی شخصیت مولانا شاہ احمد نورانی ان پر بڑا اعتماد کرتے اور ان کی کاوشوں کو سراہتے تھے۔ مولانا نے تبلیغ دین کے سلسلہ میں ملک و بیرون ملک کئی تبلیغی دورے بھی کیے۔ مولانا زبردست ادیب و مقرر ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین مناظر بھی ہیں اور اہلسنت کے لیے تقرہباً ہر میدان میں مذہب حق کا جھنڈا بلند کرتےتھے۔

مولانا عرصہ دراز سے فیصل آباد میں جامعہ امینیہ رضویہ کے نام سے ایک مدرسہ چلا رہے تھے  جس سے ہزاروں علمائے دین فیضیاب ہو کر دنیا بھر میں تبلیغی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔ پچھلے برس کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال نے تمام دنیا کو معطل کر دیا جس کا اثر مولانا کے تبلیغی معاملات پر بھی پڑا اور انہوں نے ایک بڑے اور عظیم کام کی ٹھانی۔ مولانا موصوف نے یہ کام بڑی جانفشانی, وقت کی پابندی اور تسلسل کے ساتھ کیا۔ یہ کام قرآن مجید کی تفسیر کا تھا۔ عمومی طور پر تحریری طور پر تفاسیر قرآن ملتی ہیں جن کا پڑھنا موجودہ دور کے انسان کے لیے ایک مشکل مرحلہ ہے  چنانچہ مولانا نے وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ایک سال کے مختصر عرصہ میں قرآن مجید کی مکمل تفسیر کو ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ کروادیا۔ 

یہ تفسیر قرآن 171 اسباق پر مشتمل ہے اور ہر سبق کا دورانیہ تقریباً 1 گھنٹہ ہے جسے ان کے فیس بک پیج Jamia Aminia Rizvia جامعہ امینیہ رضویہ اور یوٹیوب چینل jamia amini rizvia faisalabad پر دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ ان اسباق میں قرآن مجید کی نہ صرف مکمل تفسیر بیان کر دی گئی ہے بلکہ عقائد کے حوالے سے آیات کی مفصل وضاحت نیز ممکنہ حد تک ان تمام موضوعات کا احاطہ بھی کردیا گیا جن کو قرآن مجید بیان کرتا ہے۔ مزید یہ کہ اہلسنت کے دیگر مسالک سے اختلافی مسائل پر بھی کھل کر بحث کی گئی ہے۔

 اب اسی تفسیر کو تحریری طور پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔ 

 مولانا سعید احمد اسعد  کی اہم تصنیفات : 

تفسیر نور الامین
وہابیت و بریلویت
تبرکات کی اہمیت
شرک و بدعت اور اس کی حقیقت
خاتم النبیین کا معنی
صحابہ کا نعرہ یا رسول اللہ

مولانا سعید احمد اسعد کی مکمل آڈیو تفسیر سماعت و ڈائونلوڈ کے لیے