قطب الدین ایبک: وہ سخی ’غلام‘ جس نے ہندوستان میں مسلم سلطنت کی بنیاد ڈالی.

 مرزا اے بی بیگ 
عہدہ,بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
9 جون 2021
یہ تحریر بی بی سی اردو کی ویب سائٹ پر پہلی مرتبہ جون 2021 میں شائع کی گئی تھی، جسے آج قارئیں کے لیے دوبارہ پیش کیا جا رہا ہے۔
قطب الدین ایبک

ہہ کوئی سوا آٹھ سو سال قبل کی بات ہے جب سلطان معزالدین (شہاب الدین) غوری افغانستان کے شہر اور اپنے دارالحکومت غزنی میں عیش و نشاط کی محفلیں آراستہ کیا کرتے تھے اور مصاحبوں کے ہنر اور ان کی عقل و دانش کی باتیں سُنتے تھے۔

اسی قسم کی ایک مجلس میں روایتی محفل سجی ہوئی تھی اور حاضرین اپنی اپنی کارگزاریوں اور حاضر جوابیوں اور ابیات و غزل سے بادشاہ کو محظوظ کر رہے تھے، اور انعام و اکرام سے نوازے جا رہے تھے۔

اس شب سلطان غوری اپنے درباریوں اور اپنے غلاموں کو تحفے تحائف، زر و جواہرات اور سونے چاندی سے مالا مال کر رہے تھے۔ ان میں ایک درباری اور غلام ایسا تھا جس نے دربار سے باہر آنے کے بعد اپنا سارا انعام اپنے سے کم حیثیت ترکوں، پردہ داروں، فراشوں، غلاموں اور ديگر کارپردازوں کو بخش دیا۔
جب اس کا چرچا عام ہوا تو یہ بات ہوتے ہوتے سلطان کے کانوں تک بھی پہنچ گئی اور ان کے دل میں اس دریا دل صفت انسان کے بارے میں جاننے کی خواہش پیدا ہوئی کہ آخر یہ کون فیاض شخص ہے۔ سلطان کو بتایا گیا کہ یہ ان کا غلام (قطب الدین) ایبک ہے۔

غوری سلطنت کے تاریخ داں منہاج السراج (ابو عثمان منہاج الدین بن سراج الدین) نے اپنی کتاب ’طبقات ناصری‘ میں بھی اس واقعے کا ذکر کیا ہے۔ انھوں نے نہ صرف ایبک کا دور دیکھا بلکہ ان کے بعد سلطان شمس الدین التتمش اور غیاث الدین بلبن کا دور بھی دیکھا تھا۔

وہ لکھتے ہیں کہ محمد غوری کو ایبک کی فراخدلی نے بہت متاثر کیا اور انھوں نے ایبک کو اپنے مقربین میں شامل کر لیا، اور انھیں تخت گاہ اور ایوان دربار کے اہم کام سونپے جانے لگے۔ یہاں تک کہ وہ سلطنت کے بڑے سردار اور کارپرداز بن گئے۔ انھوں نے اپنی لیاقت سے اس قدر ترقی کر لی کہ انھیں امیر آخور بنا دیا گیا۔

امیر آخور اس زمانے میں شاہی اصطبل کے سردار کا عہدہ ہوتا تھا اور اسے بہت اہمیت حاصل تھی۔ انسائکلوپیڈیا آف اسلام (دوسری اشاعت) میں اسے ایک ہزار کا سردار کہا گیا ہے جس کے ماتحت تین سردار ہوتے تھے جو کہ 40 کے سردار کہے جاتے تھے۔

قطب الدین ایبک وہ مسلم حکمراں ہیں جنھوں نے ہندوستان میں ایک ایسی سلطنت کی بنا ڈالی جس پر مسلم حکمراں آنے والے 600 سال تک یعنی سنہ 1857 کی غدر تک حکومت کرتے رہے۔

انھیں غلام سلطنت یا خاندانِ غلاماں کا بانی کہا جاتا ہے لیکن جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں عہد وسطی کی تاریخ کے ماہر اور پروفیسر نجف حیدر کا کہنا ہے کہ انھیں یا ان کے بعد آنے والوں کو غلام سلاطین نہیں کہا جا سکتا۔ انھیں ترک یا مملوک کہا جا سکتا ہے۔

دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں تاریخ کی اسسٹنٹ پروفیسر رحما جاوید راشد کا کہنا ہے کہ مسلم حکومتوں میں غلام کا تصور بازنطینی غلام کے تصور سے بہت مختلف ہوتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ مسلم دور میں غلاموں کا مرتبہ بعض اوقات جانشین کی طرح ہوتا تھا۔

چنانچہ جب ہم تاریخ پر نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں محمود اور ایاز نظر آتے ہیں جس کو محمود غزنوی اپنی اولاد سے زیادہ عزیز رکھتے تھے۔ علامہ اقبال کی معروف نظم ’شکوہ‘ کا ایک شعر اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ اسلام میں غلاموں کی کیا حیثیت تھی۔

ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز

نہ کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز

انڈیا میں واقع قطب کمپلیکس کی بنیاد دلی میں مملوک سلطنت کے پہلے سلطان قطب الدین ایبک نے رکھی تھی۔ یہاں قطب مینار کے ساتھ قطب الاسلام مسجد (جسے بعد میں قوت اسلام کا نام دیا گیا) موجود ہیں
جن لوگوں نے فلم رضیہ سلطانہ، باہو بلی، یا ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی دیکھ رکھا ہے، ان کے لیے غلاموں کے حالات اور اہمیت کو سمجھنا آسان ہوگا۔

'رضیہ سلطانہ' میں رضیہ کا محافظ یاقوت ایک حبشی غلام ہے جو اپنی جانثاری سے ملکہ کے دل میں جگہ بناتا ہے جبکہ 'باہو بلی' میں 'کٹپپا' اپنے غلامی کے تقاضوں کے تحت شہزادے کو قتل کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا جبکہ ارطغرل غازی میں بازنطینی غلام اور سونے کی کان کنی کے ماہر حاجا توریان کی خرید و فروخت اور آزادی کے ساتھ خود ارطغرل کا غلاموں کی تجارت کرنے والے سمکو کے ہاتھ لگنے کا منظر اور پھر تمام غلاموں کی رہائی دکھائی گئی ہے۔

بہر حال نجف حیدر بتاتے ہیں کہ 'یہ کہا جاتا ہے کہ جب محمد غوری سے کسی نے پوچھا کہ آپ کو تو کوئی اولاد نرینہ نہیں ہے جس سے آپ کو آنے والے زمانے میں یاد رکھا جائے گا تو انھوں نے کہا تھا کہ میرے پاس بہت ساری اولاد نرینہ ہیں اور وہ میرے نام کو باقی رکھنے کے لیے کافی ہیں۔'

پروفیسر نجف حیدر بتاتے ہیں کہ ان کا اشارہ ان کے مخصوص غلاموں کی جانب تھا جن میں یلدوز، ایبک اور قباچہ شامل تھے۔

رحما جاوید بتاتی ہیں کہ غوری نے ان میں آپس میں رشتہ داری بھی قائم کی تھی اور یلدوز کی ایک بیٹی کی شادی ایبک سے کروائی تھی جبکہ ایک بیٹی کی شادی قباچہ سے کروائی تھی تاکہ ان میں گہرا تعلق قائم ہو اور وہ رشتے داری کے تحت ایک دوسرے کی مخالفت کے بجائے ایک دوسرے کی معاونت کریں۔

آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک سٹڈیز میں ساؤتھ ایشین اسلام کے پروفیسر معین احمد نظامی نے بی بی سی کو بتایا کہ ایبک کو غلام سلطنت کے بانی کے طور پر نہیں بلکہ انڈیا میں ترک یا مملوک سلطنت کے بانی کے طور پر یاد کیا جانا چاہیے۔

ابتدائی زندگی


معین احمد نظامی نے بتایا کہ قطب الدین ایبک کا تعلق ترک قبیلے ایبک سے تھا اور بچپن میں ہی وہ اپنے کنبے سے علیحدہ ہو گئے اور انھیں غلام بازار میں بیچنے کے لیے نیشا پور لایا گیا۔ ایک تعلیم یافتہ شخص قاضی فخرالدین عبد العزیز کوفی نے انھیں خریدا اور اپنے بیٹے کی طرح ان کے ساتھ سلوک کیا اور ان کی تعلیم اور فوجی تربیت کی مناسب دیکھ بھال کی۔

تاریخ کی معرف کتاب 'طبقات ناصری' میں منہاج السراج لکھتے ہیں کہ ایبک کے نئے والی قاضی فخرالدین عبد العزیز کوئی اور نہیں بلکہ امام ابو حنیفہ کی آل میں شامل تھے اور نیشاپور و مضافات کے حاکم تھے۔

وہ لکھتے ہیں: 'قطب الدین نے قاضی موصوف کی خدمت گزاری کے ساتھ ان کے بیٹوں کی طرح کلام اللہ کی تعلیم حاصل کی اور سواری و تیر اندازی کی تعلیم بھی پائی۔ چنانچہ تھوڑی ہی مدت میں وہ صفت مردانگی سے متصف ہو گیا اور اس کی ستائش کی جانے لگی۔'

کہتے ہیں کہ قاضی کی موت کے بعد ان کے فرزندوں نے ایبک کو پھر سے ایک تاجر کے ہاتھ فروخت کر دیا جو انھیں غزنہ کے بازار لے آیا جہاں سے سلطان غازی معزالدین سام (سلطان محمد غوری) نے انھیں خرید لیا۔'

طبقات ناصری میں لکھا ہے کہ 'اگرچہ ایبک قابل ستائش اوصاف اور برگزیدہ محاسن کا حامل تھا لیکن اس کی ایک کمزوری کے سبب اسے 'ایبک شل' کہا جاتا تھا یعنی ایسا شخص جس کی ایک انگلی کمزور ہو۔ اور درحقیقت ان کی ایک انگلی ٹوٹی ہوئی تھی۔

ترک قبیلہ ایبک اور اس کا مطلب


قطب الدین کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ترک قبیلے ایبک سے تعلق رکھتے تھے لیکن ان کے والد اور قبیلے کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ تاریخ کی کتابوں میں ان کا سن پیدائش 1150 درج ہے لیکن قطعیت کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

بہر حال ایبک کا مطلب ترکی زبان میں 'چاند کا آقا یا مالک' ہوتا ہے۔ اور کہا جاتا ہے کہ قبیلے کو یہ کنیت اس کی خوبصورتی کی وجہ سے ملی تھی یعنی اس قبیلے کے لوگ مرد و زن دونوں انتہائی حسین و جمیل ہوتے تھے۔ لیکن قطب الدین کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اتنے حسین نہیں تھے۔

لیکن اردو کے معروف شاعر اسد اللہ خان غالب نے اپنی ایک فارسی غزل میں خود کو ترکی کے ساتھ ساتھ ایبک بھی کہا ہے اور ایک طرح سے چاند سے زیادہ خوبصورت ہونے پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ غالب نے لکھا:

ایبکم از جماعۂ اتراک

در تمامی ز ماہ دہ چندیم

ان کا کہنا ہے کہ ہم ترکوں کے ایبک قبیلے سے آتے ہیں اس لیے ہم چاند سے دس گنا زیادہ خوبصورت ہیں۔

اسی طرح دہلی میں نظام الدین اولیا کے حلقہ بگوش اور ہندوستان کے عظیم شاعر و مفکر امیر خسرو نے بھی اس کے متعلق ایک شعر کہا ہے جس سے ایبک کی انفرادیت سامنے آتی ہے۔

انھوں نے لکھا ہے:

گاہ تاتاری شود گاہ چاچی

گاہ ایبک بود گاہ لاچی

یعنی کبھی میں تاتاری ہوں تو کبھی چاچی، کبھی ابیک ہوں تو کبھی لاچی۔ لیکن بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ایبک کا استعمال بہت سے دیگر معنوں میں بھی ہوا ہے جس میں سے غلام بھی ایک ہے۔

اس کے علاوہ محبوب یا آئیڈل اور پیغام رساں کے لیے بھی اس کا استعمال ہوا ہے۔ چنانچہ 13ویں صدی کے معروف صوفی شاعر مولانا جلال الدین رومی کے یہاں اس کا استعمال نامہ بر یا پیغام رساں کے طور پر ہوا ہے جس کا مطلب وفاداری سے بھی ہے۔

گفت اے ایبک بیاور آن رسن

تا بگویم من جواب بو الحسن

شعر کا مطلب یہ ہے کہ 'کسی نے کہا کہ اس پیغامبر کو لے آؤ تاکہ میں بوالحسن کا جواب دوں۔‘

بہر حال معین احمد نظامی کا کہنا ہے کہ ایبک کا عروج تیزی سے ہوا اور انھوں نے اپنی ذہانت اور قابلیت کے بدولت معزالدین کی توجہ جلد ہی اپنی طرف مبذول کرلی۔


غوری کی ہندوستان کی مہمات اور ترائن کی لڑائی


انھوں نے بتایا کہ ایبک کو پہلے ہی امیر آخور بنایا جا چکا تھا لیکن جب محمد غوری نے ہندوستان کی جانب اپنی مہمات کا آغاز کیا تو ایبک نے ترائن کی دوسری جنگ میں اپنی جنگی صلاحیت کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے سلطان غوری کو فتح نصیب ہوئی اور انھیں دو اہم فوجی عہدوں ’کہرام‘ اور ’سمانہ‘ کا کماندار بنایا گیا۔
ترائن کی پہلی جنگ میں تو محمد غوری کو شکست ہوئی تھی لیکن دوسری جنگ کئی لحاظ سے فیصلہ کن رہی۔

کہا جاتا ہے کہ اس میں چہامن یعنی راجپوت راجہ پرتھوی راج چوہان کو شکست ہوئی۔ پہلی شکست کے ایک سال بعد غوری ایک لاکھ سے زیادہ افغان، تاجک اور ترکوں پر مبنی بڑی فوج کے ساتھ ملتان اور لاہور کے راستے ترائن (آج دہلی سے ملحق ہریانہ کے کرنال ضلعے میں تروری کا علاقہ کہلاتا ہے) پہنچا جہاں پرتھوی راج کی تین لاکھ گھڑ سواروں اور تین ہزار ہاتھیوں پر مشتمل فوج نے اس کا راستہ روکا اور شدید جنگ ہوئی۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق معروف پروفیسر اور تاریخ داں محمد حبیب اور خلیق احمد نظامی نے اپنی کتاب 'اے کمپریہینسو ہسٹری آف انڈیا' (جلد پنجم) میں لکھا ہے کہ اس تعداد میں غلو کا عنصر ہے کیونکہ اس زمانے میں کسی چیز کی اہمیت کے لیے تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا رواج تھا۔

بہر حال ترائن کی دوسری جنگ (1192) میں محمد غوری نے یہ حکمت عملی اپنائی کہ اپنی فوج کو پانچ حصوں میں تقسیم کر دیا اور انھیں مختلف پوزیشن پر تعینات کر دیا جبکہ 12 ہزار افراد پر مشتمل فوج کو جنگ میں اتارا جس نے حکمتِ عملی کے تحت پسپائی اختیار کی۔
پرتھوی راج کی فوج نے یہ سمجھا کہ انھیں فتح نصیب ہو گئی ہے اور وہ اس کے پیچھے ان کا کام تمام کرنے کے لیے چل پڑے۔

لیکن پھر چار جگہ مختلف سپہ سالاروں کی قیادت میں تعینات فوج نے پرتھوی راج کی فوج کو چاروں طرف سے گھیر لیا جبکہ مراجعت کرنے والی فوج بھی واپس مڑ کر لڑنے لگی۔ کہا جاتا ہے کہ پرتھوی راج چوہان اپنے ہاتھی سے اتر کر گھوڑے پر سوار ہوا اور میدان جنگ سے راہ فرار اختیار کی۔

معین احمد نظامی نے مزید کہا کہ اس جنگ سے برصغیر میں ایبک کے سیاسی کریئر کا آغاز ہوا اور بالآخر وہ سنہ 1206 میں معزالدین غوری کی موت کے بعد دہلی کے تخت تک جا پہنچے۔

لاہور میں تاج پوشی


تاریخ دانوں کا متفقہ طور پر کہنا ہے کہ سلطان معزالدین محمد غوری کے اچانک مارے جانے کی وجہ سے وہ کسی کو اپنا جانشین مقرر نہیں کر سکے تھے چنانچہ ان کی زندگی میں ان کا جو غلام جہاں جس اعلیٰ عہدے پر فائز تھا وہ وہاں کا حاکم بن بیٹھا لیکن ایبک اپنی فراست اور سیاسی حکمت عملی کو استعمال کرتے ہوئے اصل جانشین کا عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

انتقال کے بعد ان کے تین جانشینوں دہلی کے حاکم قطب الدین ایبک، ملتان کے حاکم ناصر الدین قباچہ اور غزنی کے حاکم تاج الدین یلدوز کے درمیان اقتدار کے لیے مقابلہ شروع ہو گیا۔ رحما جاوید کا کہنا ہے کہ ان کا ایک چوتھا غلام بختیار خلجی تھا جو کہ اس رسہ کشی میں شامل نہیں ہوا اور وہ بہار اور بنگال کی طرف چلا گیا اور خود کو وہاں کا فرمانروا کہا۔

بہرحال ایبک کو دوسروں پر غلبہ حاصل ہوا اور 25 جون سنہ 1206 کو لاہور کے قلعے میں ان کی تاج پوشی ہوئی۔ لیکن انھوں نے سلطان کا خطاب نہیں اپنایا اور نہ ہی اپنے نام سے کوئی سکہ جاری کیا اور نہ ہی اپنے نام سے کوئی خطبہ پڑھایا۔

اس بابت معین احمد نظامی کا کہنا ہے کہ یہ اس لیے تھا کہ وہ غلام تھے اور انھیں آزادی نہیں ملی تھی اس لیے انھیں سلطان کے طور پر قبول کیا جانا مشکل تھا۔

بہرحال انھوں نے سنہ 1208 میں غزنہ کا سفر کیا جہاں سے وہ 40 دنوں کے بعد واپس آئے اور اس دوران غزنہ میں محمد غوری کے ایک جانشین نے ان کی آزادی کا اعلان کیا اور پھر انھوں نے سنہ 09-1208 میں سلطان کی خطاب اپنایا۔ بعض مؤرخین کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ہی انھوں نے اپنا نام قطب الدین (یعنی دین کا محور) رکھا۔

اس سے قبل ایبک اپنے آقا محمد غوری کی توسیع پسندانہ حکمت عملی پر عمل کرتے رہے اور اس دوران انھوں نے 1193 میں اجمیر اور اس کے بعد چار ہندو ریاستوں سرسوتی، سمانہ، کہرام اور ہانسی کو فتح کیا اور پھر قنوج کے راجہ جے چند کو چندوار کی جنگ میں شکست دے کر دہلی کو حاصل کیا۔ ایک سال کے اندر ہی محمود غوری کا تسلط راجستھان سے لے کر گنگا جمنا کے دوآبے کے علاقوں تک تھا۔

ایبک کی مزید فتوحات کے بارے میں منہاج السراج رقطراز ہیں: 'کہرام سے قطب الدین نے میرٹھ کی طرف پیش قدمی کی اور 587 ہجری میں اسے فتح کر لیا۔ میرٹھ سے اٹھا تو 588 ہجری میں دہلی پر قابض ہو گیا۔ 590 میں وہ سلطان کے ہم رکاب تھا اور بنارس کے راجہ جے چند کی جانب پیش قدمی کی۔ سنہ 591 میں ٹھنکر فتح کیا یہاں تک کہ مشرقی جانب اسلامی سلطنت چین تک پہنچ گئی۔'

اجمیر میں ڈھائی دن کے جھونپڑے اور دہلی میں قطب مینار کی تعمیر

ایبک عہد وسطی کے دوسرے کسی بھی مسلم حکمراں کی طرح فن تعمیر میں شوق رکھتے تھے چنانچہ انڈیا میں غوری حکومت کی کامیابیوں کی یادگار کے طور پر انھوں نے دہلی میں سنہ 1199 میں ایک مینار کی تعمیر شروع کروائی۔ اس طرح کے مینار غزنی میں بھی ہیں اور غور صوبے میں دریائے ہاری کے کنارے جام مینار اس سے قبل تعمیر کیے جا چکے تھے۔

قطب مینار کے ساتھ قوۃ الاسلام مسجد کی بھی بنیاد انھوں نے ڈالی جبکہ اجمیر کی فتح کے بعد انھوں نے ایک مسجد کی تعمیر کروائی جسے ڈھائی دن کا جھونپڑا کہا جاتا ہے۔ یہ شمالی ہند میں بننے والی پہلی مسجد کہلاتی ہے جو آج تک موجود ہے۔ در اصل اسے جلدی جلدی ڈھائی دن میں کھڑا کیا گیا تھا لیکن پھر اس پر موجودہ افغانستان کے ہرات سے تعلق رکھنے اولے معمار ابوبکر نے مسجد کا نقشہ یا ڈيزائن تیار کیا اور یہ مسجد سنہ 1199 میں بن کر تیار ہوئی جسے ہند اسلامی طرز تعمیر کا پہلا شاہکار کہا جاتا ہے۔

اسی طرح قطب الدین نے قطب مینار کی بنا ڈالی جسے ان کے بعد شمس الدین التتمش کے زمانے میں مکمل کیا جا سکا۔ یہ اینٹ سے تعمیر دنیا کا سب سے بلند مینار ہے جس کی پانچ منزلیں ہیں اور ان پر آیات قرآنی کندہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایبک نے قوت الاسلام مسجد کی بنا ڈالی جس کی باقیات آج بھی قطب مینار کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔

تاریخ داں رحما جاوید نے بی بی سی کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ جتنے بھی فارسی ماخذ ہیں اس میں اسے جامع مسجد کہا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک جامع مسجد تھی جسے قبۃ الاسلام یعنی اسلام کی پناہ گاہ یا اسلام کا گنبد کا نام دیا گیا تھا لیکن سرسید احمد خان نے اپنی تصنیف ’آثار الصنادید‘ میں اسے قوت الاسلام مسجد کا نام دیا ہے۔
رحما جاوید راشد نے بتایا کہ جب منگولوں نے اسلامی دنیا کو تہ و بالا کر دیا تھا تو ہندوستان کی مسلم حکومت اس سے محفوظ تھی اور دنیا بھر کے صاحب علم اور ہنر ادھر کا رخ کر رہے تھے اور یہی وجہ ہے کہ اسے منہاج السراج نے دہلی کو قبۃ الاسلام یعنی اسلام کی پناہ گاہ بھی کہا ہے۔

اس مسجد میں ہند اسلامی طرز تعمیر نمایاں ہے اور اسے ہندوستان کے کاریگروں نے بنایا جو کہ عربی رسم خط سے نابلد تھے لیکن پتھروں پر کندہ کرنے کے ماہر کاریگر تھے۔ اس میں کچھ جین منادر کی باقیات بھی نظر آتی ہیں جنھیں ستون کے طور پر استعمال کیا گيا ہے اور اس میں مجسمے بھی بنے ہیں لیکن ان کے نقش کو مسخ کر دیا گیا ہے۔ یہ مسجد بھی شمس الدین التتمش کے عہد میں مکمل ہوئی۔

پولو اور موت


سنہ 1208-09 میں سلطان بنے کے بعد ایبک کا زیادہ تر وقت لاہور میں گزار اور موسم برسات کے بعد گلابی جاڑے کی آمد کے وقت نومبر میں ایک روز وہ اپنے بہادر جنگجوؤں اور سپہ سالاروں کے ساتھ چوگان یعنی پولو کھیل رہے تھے کہ گھوڑے کی زین ٹوٹ گئی اور وہ زمین پر آ رہے۔

منہاج السراج نے اس کے متعلق اس طرح لکھا ہے کہ 'جب موت آئی تو 607 ہجری (1210ء) میں چـوگان کھیلتا ہوا گھوڑے سے گرا، گھوڑا اس پر آ گرا، زین کے سامنے کا اوپر اٹھا ہوا حصہ قطب الدین کے سینے میں پیوست ہو گیا اور اس نے وفات پائی۔'

قطب الدین کو لاہور میں ہی دفن کر دیا گیا اور زمانے کے تغیر کے ساتھ آج بھی ان کا مزار لاہور میں موجود ہے جہاں ہر سال عرس بھی لگتا ہے۔

لاکھ بخش


معین احمد نظامی بتاتے ہیں کہ 'عصری اور بعد کے تمام ذرائع نے ایبک کی فوجی صلاحیتوں کے علاوہ ان کی وفاداری، سخاوت، جرات اور ان کی انصاف پسندی جیسی خصوصیات کی تعریف کی ہے۔ وہ اپنی سخاوت کی وجہ سے لاکھ بخش (لاکھ دینے والے) کے نام سے مشہور تھے۔ ان کی فیاضی کی کہانیاں 17 ویں صدی کے آخر میں دکن میں عام گردش میں تھیں جب معروف سیاح فرشتہ بتاتے ہں کہ فراخ دلی کے حامل لوگوں کو اس وقت کے ایبک کے نام سے جانا جاتا تھا۔'

کہا جاتا ہے کہ دہلی میں کوئی بھی ایسا نہیں تھا جو ان کی فیاضی سے محروم رہا ہو۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ حا‌فظ قرآن تھے اور اتنی اچھے لحن میں قرآن کی تلاوت کرتے تھے کہ انھیں قرآن خوان بھی کہا گیا۔

ایبک نے داد و دہشت کا جو معیار قائم کیا اس پر بعد میں کوئی بھی پورا نہ اترا۔ چنانچہ معین احمد نظامی کا کہنا ہے ایبک کو سخاوت کا مترادف سمجھا جانا واقعی ایک ایسا خراج تحسین ہے جو کسی دوسرے فرمانروا کے حصے نہیں آیا۔ جنگ اور مہمات میں زندگی گزارنے کے باوجود انھوں نے تاریخ اور آنے والی نسلوں میں جو تاثر چھوڑا وہ ان کا انصاف اور ان کی سخاوت تھا۔'