تحریر : مولانا مجیب الرحمن انقلابی
شاعراسلام علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت و خدمات پر عالمی رابطہ ادب اسلامی کے زیراہتمام کانفرنس ، ایوان اقبال لاہور میں29-30 اکتوبر 2016 ءبروز ہفتہ ، اتوار 2 روزہ بین الاقوامی شاعر اسلام علامہ محمد اقبال ؒ کانفرنس منعقد ہوا ۔
عالمی رابطہ ادب اسلامی کے بانی سید ابو الحسن علی ندویؒ المعروف علی میاںؒ عالم اسلام کی وہ عظیم شخصیت ہیں کہ جن کی علمی و ادبی تحقیقی اور تصنیفی خدمات اور عظمت کا لوہا عرب و عجم میں مانا جاتا ہے، سید ابو الحسن علی ندوی ؒ کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار خوبیوں اور صفات سے نوازا تھا۔ آپ ؒ ندوة العلماءلکھنو اور دارالعلوم دیوبند سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد صرف 20 سال کی عمر میں ندوة العلماءلکھنوءمیں عربی ادب اور تفسیر و حدیث کے استاد کے منصب پر فائز ہوگئے ،اس دوران مصر اور دیگر ممالک سے شائع ہونے والے نامور رسائل و جرائد میں آپ کے عربی زبان میں مضامین شائع ہونے لگے۔ آپؒ نے سینکڑوں علمی و ادبی اور تاریخی کتب تصنیف کیں ،اور شاعر اسلام علامہ محمد اقبال کوعرب دنیا میں متعارف کرانے میں آپ نے ہی بنیادی کردار ادا کیااور علامہ محمد اقبال کی شخصیت وشاعری پرفصیح عربی زبان میں اس قدر خوبصورت انداز میں لکھا کہ عرب دنیا بھی علامہ اقبال کی گرویدہ ہوگئی عراق،شام، مصر اوردیگر ممالک کے نامور ادباءاور علمی شخصیات کی ”مجلس امنائ“میں یہ اعلان کیا گیا کہ سید ابو الحسن علی ندویؒ کی تحریریں پڑھ کرہمیں یہ محسوس ہوتا ہے کہ اقبال آج ہمارے لیے زندہ ہوا ہے۔
آپؒ کی روشن خدمات کے اعتراف میں آپ ؒ کو بڑے بڑے اعزازات اور ایوارڈوں سے نوازا گیا ، بے شمار ممالک کے دورے کیے آپؒ جس ملک میں بھی جاتے وہاں کی علمی شخصیات کے علاوہ سربراہان مملکت بھی آپ ؒکے ساتھ ملاقات کو اپنے لیئے باعث سعادت اور فخر سمجھتے سید ابوالحسن علی ندویؒ کی شاہ فیصل مرحوم کے ساتھ ایک تاریخی ملاقات کا واقعہ تاریخ کے روشن صفحات پر موجود ہے مولانا سید ابوالحسن ندویؒ جب شاہ فیصل مرحوم کی دعوت پر شاہی محل کے کمرئہ ملاقات میں داخل ہوئے تو بہت دیر تک اس کی چھت اوردرودیوار کی طرف حیرت اوراستعجاب کے ساتھ دیکھتے رہے۔ شاہ فیصل نے جب اس کا سبب پوچھا تو مولانا یوں گویا ہوئے:”میں نے بادشاہوں کے دربار کبھی نہیں دیکھے۔ آج پہلا تجربہ ہے، اس لیے محو حیرت ہوں۔ میں جس سرزمین سے تعلق رکھتا ہوں، وہاں اب بادشاہ نہیں ہوتے، لیکن تاریخ کا ایک ایسا دور بھی تھا جب وہاں بھی بادشاہ حکومت کرتے تھے۔ میں نے تاریخ میں ایسے بہت سے لوگوں کا بارہا تذکرہ پڑھا ہے۔ آج اس دربار میں آیا ہوں تو ایک تقابل میں کھوگیا ہوں۔ میں سوچ رہا ہوں ہمارے ہاں بھی ایک بادشاہ گزرا ہے۔ آج کا بھارت، پاکستان، سری لنکا، برما اور نیپال اس کی حکومت کا حصہ تھے۔ اس نے 52 سالہ عہد اقتدار میں بیس برس گھوڑے کی پیٹھ پر گزارے۔ اس کے دور میں مسلمان آزاد تھے۔ خوش حال تھے۔ ان کے لیے آسانیاں تھیں لیکن بادشاہ کا حال یہ تھا وہ پیوند لگے کپڑے پہنتا۔ وہ قرآن مجید کی کتابت کر کے اور ٹوپیاں بنا کر گزر بسر کرتا۔ رات بھر اپنے پرودگار کے حضور میں کھڑا رہتا۔ اس کے دربار میں اپنے آنسوؤں کا نذرانہ پیش کرتا۔ اس وقت مسلمان حکمران غریب اور سادہ تھے اورعوام خوشحال اور آسودہ۔ آج آپ کا یہ محل دیکھ کر خیال آیا سب کچھ کتنا بدل گیا ہے؟ آج ہمارے بادشاہ خوش حال ہیں اور بڑے بڑے محلات میں رہتے ہیں اور دوسری طرف مسلمانوں کا یہ حال ہے کہ وہ فلسطین میں بے گھر ہیں۔ کشمیر میں ان کا لہو ارزاں ہے۔ وسطی ایشیا میں وہ اپنی شناخت سے محروم ہیں۔آج میں نے آ پ کے محل میں قدم رکھا تو اس تقابل میں کھوگیا۔“ جب سید ابوالحسن علی ندویؒ خاموش ہوئے تو شاہ فیصل کا چہرہ آنسوؤں سے ترہوچکا تھا۔ اب ان کی باری تھی۔ پہلے ان کے آنسو نکلے، وہ آپ دیدہ ہوئے اور پھر ہچکی بندھ گئی۔ اس کے بعد وہ زار و قطار رونے لگے۔ وہ اتنی بلند آواز سے روئے کہ ان کے محافظوں کو تشویش ہوئی اور وہ بھاگتے ہوئے اندر آگئے۔ شاہ فیصل نے انہیں ہاتھ کے اشارے سے باہر جانے کو کہا۔ پھرسید ابوالحسن علی ندوی سے مخاطب ہوکر بولے:”وہ بادشاہ اس لیے ایسے تھے کہ انہیں آپ جیسے ناصح میسر تھے۔ آپ تشریف لاتے رہیں اور ہم جیسے کمزور انسانوں کو نصیحت کرتے رہیں۔“
سید ابوالحسن علی ندویؒ ”رابطہ عالم اسلامی“ سمیت درجنوں تنظیموں اور اداروں کے ممبر و سرپرست تھے آپ اسلامی ادیبوں کی عالمیگیرتنظیم ”عالمی رابطہ ادب اسلامی “ کے بانی و سرپرست بھی تھے جوکہ پوری دنیا میں اسلامی ادب کے فروغ اور مسلم ادیبوں کو اس پلیٹ فارم پر متحد و منظم کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے۔
سید ابوالحسن علی ندوی ؒ اکتوبر 1997 ءمیں رابطہ ادب اسلامی کے سیمینار کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورہ پر لاہور تشریف لائے توائیرپورٹ پر سید ابوالحسن علی ندوی ؒ کے استقبال کے لیے جہاں نامور علمی وادبی شخصیات موجود تھیں وہاں غالباً تاریخ میں یہ پہلا موقعہ تھا کہ تبلیغی جماعت کے عالمی امیر محترم حاجی عبد الوہاب مدظلہ بھی لاہور ائیرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے بنفس نفیس تشریف لائے بعد میں حاجی عبدا لوہاب صاحب مدظلہ کی دعوت پر سید ابوالحسن علی ندوی ؒ عالمی تبلیغی مرکز رائے ونڈ بھی تشریف لے گئے .... لاہور میں اس وقت کے صدر فاروق احمد خان لغاری مرحوم نے بھی سید ابوالحسن علی ندویؒ سے ملاقات کی سعادت حاصل کی اس موقعہ پر صدرفاروق لغاری نے مولانا ابو الحسن علی ندویؒ سے تعارف کے دوران یہ بھی کہا کہ ایک سفر کے دوران میں نے فلاں ملک کے ائیرپورٹ پرآپکے پیچھے نماز پڑھی تھی.... جس پر سید ابوالحسن ندویؒ نے جواب میں فرمایا کہ آپ کے صدر پاکستان ہونے کا تعارف اپنی جگہ لیکن نماز والا تعارف ہی بہترین تعارف ہے ، سیدابو الحسن علی ندویؒ کے اس دورہ پاکستان کے دوران وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کے والد میاں محمد شریف مرحوم نے سید ابوالحسن علی ندوی ؒکے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ جاتی عمرہ رائے ونڈ میں ایک بہترین ضیافت کا اہتمام کرکے سید ابو الحسن علی ندوی ؒ کے ساتھ اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کا اظہار کیا اور ان سے خصوصی دعا بھی کروائی اس ضیافت میں شریف خاندان کے دیگر افراد کے علاوہ جامعہ شرفیہ لاہور کے سابق مہتمم حضرت مولانا مفتی محمد عبید اللہ ؒ ، شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن اشرفی ؒ ، عالمی رابطہ ادب اسلامی کے موجودہ صدر مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی اور تبلیغی جماعت کے عظیم مبلغ مفتی زین العابدین ؒ سمیت دیگر نامور علمی وادبی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی ، شریف برادران نے سید ابوالحسن علی ندوی ؒ کے قیام اور مہمان نوازی کے لیے سٹیٹ گیسٹ ہاوس میں اہتمام کیا لیکن سید ابوالحسن علی ندوی ؒ سٹیٹ گیسٹ ہاوس پرجامعہ اشرفیہ میں قیام کو ترجیح دیتے ہوئے ایک رات کے قیام کے بعدہی جامعہ اشرفیہ لاہور منتقل ہوگئے اور باقی ایام وہیں قیام کیا ، اس دوران میاں طارق شفیع اور اقبال قرشی نے بھی سید ابوالحسن علی ندویؒ کے اعزاز میں ایک ضیافت کا اہتمام کیا ،، جامعہ نعیمیہ لاہور کے بانی ومہتمم مولانا محمد حسین نعیمی ؒ کی دعوت پر سید ابوالحسن علی ندویؒ جامعہ نعیمیہ لاہور بھی تشریف لے گئے جہاں انہوں نے علماءاور فضلاءکے ایک اجتماع سے خطاب کیا ، اور یہ اجتماع اتحاد بین المسلین کا ایک عظیم مظہر اور تمام مکاتب فکر کے اتحاد واتفاق کا خوبصورت منظر پیش کررہاتھا .... اور یہ مولانا سید ابو الحسن علی ندوی ؒ کا آخری دورہ پاکستان تھا۔ اسی دورہ پاکستان کے دوران سید ابوالحسن علی ندویؒ نے مدرسہ الصادق رائے ونڈ کی مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ساتھ جامعہ اشرفیہ لاہور میں عالمی رابطہ ادب اسلامی(پاکستان) کے مرکزی دفتر کا افتتاح بھی کیا پاکستان میں عالمی رابطہ ادب اسلامی کی شاخ میں ملک کی بڑی یونیورسٹیوں اور اور دیگر تعلیمی اداروں کے پروفیسر اورادب سے تعلق رکھنے والے دینی مدارس کے اہل قلم شامل ہیں، ان میں شیخ الاسلام جسٹس (ر)مفتی محمد تقی عثمانی ،ڈاکٹر محمود احمد غازیؒ ، ڈاکٹر محمد ظفر اسحاق ؒ ، شیخ الحدیث مولانا انوارالحق اور عالمی رابطہ ادب اسلامی پاکستان کے سابق صدر ڈاکٹر ظہور احمداظہر جیسی شخصیات سمیت 200 کے قریب اہل علم وادب اس کے رکن ہیں۔
سید ابوالحسن علی ندویؒ نے سب سے پہلے اسلامی ادیبوں کی تنظیم کے قیام کا تصوّر ”جامعہ دمشق“ملک ِ شام میں دنیا بھر سے آئے ہوئے عربی ادباءاور فضلاءکے سامنے پیش کیا جنہوں نے اس پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بھر پور حمایت و تائید کی.... جس کے بعد سید ابو الحسن علی ندوی ؒ نے باضابطہ طورپر اس اسلامی ادبی تنظیم کے قیام کے لیے دنیا بھر سے آئے نامور علمی وادبی شخصیات کے ہمراہ خصوصی طورپرمکہ مکرمہ اُس غار ِ حرا میں تشریف لے گئے جہاں قرآن کی سب سے پہلی وحی” اقراء بسم ربک الذی خلق“نازل ہوئی وہاں سید ابوالحسن علی ندویؒ نے خصوصی دعا کے ساتھ اس تنظیم کا آغاز کیا....بعد میں باضابطہ طورپر اسلامی ادیبوں کا ایک عالمگیر اجلاس 1984 ءمیں ہندوستان کے شہر لکھنوءمیں منعقد ہوا جس میں پوری دنیا سے آئے ہوئے اہل علم و ادب نے ”رابطہ الادب الاسلامی العالمیہ“ کے نام سے اسلامی ادباءکی ایک بین الاقوامی تنظیم مندرجہ ذیل اغراض و مقاصد کیلئے قائم کی۔
1۔ ادب اسلامی کی بنیادوں کو پختہ کرنا اور قدیم و جدید ادب اسلامی کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنا۔
2۔ ادبی تنقید کے اسلامی اصول و ضع کرنا۔
3۔ ادب اسلامی کے مکمل نظریے کی تشکیل و تیاری ۔
4۔ جدید ادبی علوم و فنون کے لئے اسلامی مناہج و اسالیب کی تیاری و تشکیل۔
5۔ مسلم اقوام کے ادب میں ادب اسلامی کی تاریخ کو از سر نو مرتب کرنا۔
6۔ ادب اسلامی کی نمایاں تخلیقات کو جمع کرنا اور ان کا عالم اسلام کی مختلف زبانوں اور دیگر بین الاقوامی زبانوں میں ترجمہ کرنا۔
7۔ بچوں کے ادب کی طرف ، خصوصی توجہ دینا اور مسلمان بچوں کے ادب کا خصوصی طریقہ و منہج تیار کرنا۔
8۔ عالمی رابطہ ادب اسلامی کے پلیٹ فارم سے امت مسلمہ کو باہمی طورپر متحد ومنظم کرنا ۔
9۔ ادب اسلامی کی عالمگیریت کو نمایا کرنا۔
10۔ اسلامی ادباءکے مابین روابط و تعلقات کو بڑھانا ، اور ان کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا ، نیز میانہ روی اور اعتدال کے راستے پر چلتے ہوئے انتہاءپسندی اور افراط و تفریط سے بچتے ہوئے، انہیں حق پر متحد و متفق کرنا۔
11۔ مسلم نسلوں اور ایسی اسلامی شخصیات کی تیاری میں ، جنہیں اپنی دینی اقدار اور عظیم تہذیبی ورثے پر فخر ہو، ادب اسلامی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع پیدا کرنا۔
12۔ ارکان رابطہ کے لیے نشر و اشاعت کی سہولتیں مہایا کرنا۔
13۔ رابطہ اور اس کے ارکان کے ادبی حقوق کا دفاع کرنا۔
14 ۔ غیر مسلموں کے حقوق کا اسلام کے دیئے ہوئے حقوق کے مطابق خیال کرنا ۔
لکھنوءکے اس تاریخ سازتاسیسی اجلاس میں پوری دنیا سے آئے ہوئے ادیبوں نے متفقہ طور پر مولانا سید ابوالحسن علی ندوی ؒ کو عالمی رابطہ ادب اسلامی کا تا حیات صدر منتخب کیا اور اس کا صدر دفتر ہندوستان کے شہر لکھنوءمیں قائم کیا گیا۔
مولانا سید ابو الحسن علی ندویؒ کے 1999 ءمیں انتقال کے بعد عالمی رابطہ ادب اسلامی کا صدر دفتر سعودی عرب کے شہر ریاض میں منتقل کر دیا گیا اور اس کی ”مجلس امناء“ نے متفقہ طور پر ڈاکٹر عبدالقدوس ابو صالح کو اس کا مرکزی صدر منتخب کیا جو اس تنظیم کے بانیوں میں سے ہیں۔
عالمی رابطہ ادب اسلامی کے اس وقت سعودی عرب، کویت ، شام ، اردن ، مصر ، ترکی ، پاکستان ، ہندوستان ، بنگلہ دیش ، ملائشیا،مراکش اور تیونس سمیت دیگر کئی اسلامی ممالک میں اس کے دفاتر کام کر رہے ہیں، سال میں ایک مرتبہ کسی ایک اسلامی ملک میں اس کا مرکزی اجلاس ہوتا ہے جس میں تمام ممبر ممالک سے اس تنظیم کے صدر اور نائب صدر شرکت کرتے ہیں۔پاکستان میں عالمی رابطہ ادب اسلامی کاقیام مئی 1996ءمیں سید ابو الحسن علی ندویؒ کی خواہش اور مولانا سید محمد رابع ندوی کے ایماءپر عمل میں آیا ۔۔۔ اور عالمی رابطہ ادب اسلامی کے اہتمام ملک کے مختلف بڑے شہروں میں دس سے زائد قومی اور ایک بین الاقوامی سیمینار بالخصوص بچوں اور خواتین کے ادب کے عنوان پرکئی تقریبات منعقد کرا چکی ہے....اسی تنظیم کا خصوصی تحقیقی مجلہ ”قافلہ ادب اسلامی“ کے اب تک دو درجن سے زائد تاریخ ساز شمارے شائع ہو چکے ہیں ۔ پاکستان میں عالمی رابطہ ادب اسلامی کی شاخ کے اس وقت کے صدر مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی ، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی سیکرٹری جنرل، ڈاکٹر خالق دادملک نائب صدرو سیکرٹری مالیات، ڈاکٹر حافظ عبدالقدیرجوائنٹ سیکرٹری ، ڈاکٹر محمودالحسن عارف رکن مجلس منتظہ ڈاکٹر زاہد اشرف مدیر و انچارج مجلہ قافلہ ادب اسلامی،ڈاکٹر قاری محمد طاہر رکن مجلس منتظمہ ومجلس ادارت ، ڈاکٹر سمیع اللہ فراز رکن مجلس منتظمہ وپریس سیکرٹری،راقم الحروف( مولانا مجیب الرحمن انقلابی) مرکزی ترجمان، حافظ محمد اقبال کوار ڈینیٹر، ڈاکٹر خالدہ جمیل کوارڈینیٹرشعبہ خواتین کے منصب پر فائز ہیں اور اپنے عہدوں پر مولانا سید ابوالحسن ندویؒ کے افکار و نظریات اور خواہش کے مطابق اسلامی ادب کے فروغ کیلئے مصروفِ عمل ہیں۔
شاعراسلام علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت و خدمات پر عالمی رابطہ ادب اسلامی کے زیراہتمام ایوان اقبال لاہور میں29-30 اکتوبر 2016 ءبروز ہفتہ ، اتوار 2 روزہ بین الاقوامی شاعر اسلام علامہ محمد اقبال ؒ کانفرنس منعقد ہورہی ہے جس میں پاکستان ، ہندوستان، سعودی عرب ، مصر، شام، ساو¿تھ افریقہ اور مراکش سمیت ایک درجن کے قریب ممالک سے نامور علمی وادبی اور سرکاری شخصیات ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ(مکہ مکرمہ)ڈاکٹر عبدالباسط بدر(سعودی عرب)،ڈاکٹر سید سلمان ندوی( ساو¿تھ افریقہ)، مولانا سید رابع حسنی ندوی(ہندوستان)، ڈاکٹر ابو سفیان اصلاحی(ہندوستان)، ڈاکٹر حسن الامرانی(مراکش)،محترمہ ڈاکٹر رانیا محمد فوزی(مصر)،محترمہ نبیلہ الخطیب(اردن)، محترمہ ڈاکٹر صوریہ ابراہیم مروشی (الجزائر)، ڈاکٹر شفیق احمد خان (ہندوستان)، ڈاکٹر ولید قصاب(شام)، ڈاکٹرجلال السعید الحفناوی (مصر)مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی (لاہور)محترم محمد رفیق تارڑ (سابق صدر پاکستان)،راجہ ظفر الحق(سنیٹر)، احسن اقبال (وفاقی وزیر) ، محترمہ سارہ افضل(وفاقی وزیر صحت)، میاں عطاءمحمد مانیکا(صوبائی وزیر اوقاف)، رانا مشہود احمد(صوبائی وزیر تعلیم) ،بلال یاسین (صوبائی وزیر)، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن (صوبائی وزیر) ، جسٹس (ر) محترمہ ناصر ہ جاوید اقبال (لاہور)، مخترمہ ذکیہ شاہنواز(صوبائی وزیر)نواز ش علی (سیکرٹری اوقاف پنجاب) جسٹس (ر) خلیل الرحمن ، محترمہ اسما ءممدوٹ(ایم۔این ۔ اے)، محترمہ شائستہ پرویز ملک ، (لاہور) محترمہ ڈاکٹر جمیلہ شوکت(لاہور)،محترمہ زرینہ عالم (اسلام آباد) محترمہ مہناز رفع(سابق صوبائی وزیر) ،ڈاکٹر احمد بن یو سف دریویش (اسلام آباد)مجیب الرحمن شامی(ممتاز صحافی) ، اوریا مقبول جان( معروف کالم نگار/ دانشور)،ڈاکٹر محمد سعد صدیقی ، ڈاکٹر خالق داد ملک، ڈاکٹر ظہور احمد اظہر ، مجیڈاکٹر مجا ہد کامران (وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور)قاری محمد حنیف جالندھر ی (ناظم اعلیٰ وفاق المدارس پاکستان)، مفتی ابو ہریرہ محی الدین (چیرمین مجلس صوت السلام پاکستان) منیب اقبال (نائب صدر اقبال اکیدمی لاہور)، شرکت کرتے ہوئے خطاب کریں گے۔
-----------------------------------
( روزنامہ نوائے وقت ، تاریخ اشاعت : 28 اکتوبر 20169 )