ماہنامہ اشراق ، تاریخ اشاعت : جون 2018ء
مصارف زکوٰۃ
سورۂ توبہ کی آیت ۶۰ میں جو لفظ ’الصَّدَقٰت‘ استعمال ہوا ہے۔ اس میں عام صدقات کے علاوہ زکوٰۃ بھی شامل ہے۔ یہ دراصل مملکت کا وہ تمام ریوینیو ہے جو مملکت کو حاصل ہوتا ہے۔ اس لحاظ سے زکوٰۃ اور دیگر صدقات کے مصارف میں کوئی فرق نہیں ہے۔
i۔ فقیر و مسکین
مصارف زکوٰۃ میں فقیر اور مسکین کی تعریف میں اہل علم نے اختلاف کیا ہے، لیکن یہ بات مشترک ہے کہ دونوں سے مراد سماج کے حاجت مند طبقات ہیں۔ ہمارے نزدیک اس کی سادہ تعریف یہ ہے:
’’فقیر سے وہ لوگ مراد ہوتے ہیں جو کمانے، ہاتھ پاؤں مارنے، زندگی کے لیے جدوجہد کرنے کا دم داعیہ تو رکھتے ہیں، لیکن مالی احتیاج ان کے راستہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہوتی ہے۔ اور مسکین سے وہ طبقہ مراد ہوتا ہے جو مسلسل غربت اور احتیاج کا شکار رہنے کے سبب سے جدوجہد کرنے اور مشکلات پر قابو پانے کا حوصلہ ہی کھو بیٹھتا ہے اور اس کے اوپر دل شکستگی اور مسکنت طاری ہو جاتی ہے۔
زکوٰۃ کا اولین مصرف یہ ہے کہ سوسائٹی کے ان دونوں طبقات کو اٹھانے کی کوشش کی جائے۔اس اٹھانے میں جس طرح یہ بات شامل ہو گی کہ ان کی جسمانی ضروریات کھانا، کپڑا، اور مسکن فراہم کی جائیں، اسی طرح ان کی عقلی اور اخلاقی ترقی کے لیے یہ بھی ضروری ہو گا کہ ان کی تعلیم و تربیت کا بندوبست کیا جائے۔ جس طرح یہ لازمی ہے کہ ان کی وقتی احتیاج رفع کی جائے، اسی طرح یہ بھی غالباً ضروری ہے کہ ان کو مفلسی اور بدحالی کی دلدل سے نکالنے کی مستقل تدبیریں اختیار کی جائیں تاکہ وہ اپنی ذاتی جدوجہد اور اپنی ذاتی صلاحیتوں کے بل بوتے پر سوسائٹی کے اندر با عزت زندگی بسر کر سکیں اور مستقلاً دوسروں پر بار بنے رہنے کے بجائے دوسروں کے بوجھ اٹھانے کے قابل ہو سکیں۔ ان مقاصد کے پیش نظر زکوٰۃ کی مد سے ان کے لیے روٹی، کپڑا اور مکان بھی مہیا کیا جاسکتا ہے، ان کے لیے تعلیمی اور تربیتی ادارے بھی کھولے جا سکتے ہیں، ان کے لیے دارالمطالعے اور کتب خانے بھی قائم ہو سکتے ہیں، ایسے صنعتی ادارے بھی ان کے لیے جاری کیے جا سکتے ہیں، جن میں ان کے بچے مختلف قسم کی صنعتیں سیکھ کر مستقبل میں اپنے اوپر اعتماد کرنے کے قابل بن سکیں۔ اسی طرح ان کے علاج کے لیے ایسے شفاخانے بھی کھولے جا سکتے ہیں جہاں بوقت ضرورت ان کو مفت دوا حاصل ہو سکے۔ جہاں ان کی عورتوں کو ولادت کے موقع پر مفت طبی امداد حاصل ہو سکے۔ علیٰ ہٰذا القیاس، ان کے مردوں کی تجہیز و تکفین کا انتظام بھی کیا جا سکتا ہے اور ان کے زندوں اور مردوں کے قرضے بھی ادا کیے جا سکتے ہیں۔ اگرچہ ان میں سے بعض صورتوں میں تملیک ہو گی، بعض صورتوں میں نہیں ہو گی، لیکن زکوٰۃ کا نفع ہر صورت میں اصلاً غربا ہی کو پہنچے گایا دوسرے الفاظ میں یوں کہہ سکتے ہیں کہ اجتماعی تملیک بہرحال غربا ہی کی ہو گی۔ اور اوپر ہم بتا چکے ہیں کہ اگر استدلال کی بنیاد ’ایتاء‘ کے لفظ پر ہے تو یہ لفظ اجتماعی تملیک کے لیے قرآن مجید میں استعمال ہوا ہے۔‘‘ (مسئلۂ تملیک، مولاناامین احسن اصلاحی ۳۷ ۔ ۳۸)
فقہی ضوابط کی بے جا قانون سازی نے صورت حال یہ پیدا کر دی ہے کہ جب تک کوئی شخص مفلسی کی آخری حد نہ چھو لے، ہمارے فقہا کے نزدیک زکوٰۃ کا مستحق قرار نہیں پاتا۔آج ہم جس سماج میں رہتے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ موبائل فون اور ٹی وی، جیسی چیزیں ضروریات میں شامل ہو چکی ہیں، لیکن ہمارے فقہا ابھی تک انھیں ضروریات کے زمرے میں شامل کرنے پر تیار نہیں۔
ٹی وی کے معاملے کو دیکھیے، اس کے تین بڑے مقاصد ہیں: تفریح، تعلیم اور معلومات تک رسائی۔ یہ تینوں چیزیں انسان کی بنیادی ضرورت ہیں۔ اگر طلبا کی تعلیم پر خرچ کرنا زکوٰۃ کا جائز مصرف ہے تو ٹی وی بھی اب یہی کردار ادا کر رہا ہے۔ ٹی وی کی اسی افادیت کی بنا پر علما اب خود بھی درس اور وعظ کے لیے اس پر رونق افروز رہتے ہیں۔ رہا اس کے سوء استعمال کا مسئلہ، تو اس کا امکان کس چیز میں نہیں؟ مثلاً سواری کی گاڑی جسے نصاب سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، کیا اسے کسی برے مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا؟
یہی حال موبائل فون کا ہے، وہ اب صرف حال احوال پوچھنے یا گپ شپ لگانے کا ذریعہ ہی نہیں، اپنوں کے ساتھ جڑے رہنے اور ان کی خیریت کے بارے میں باخبر رہنے کا ذریعہ ہے۔ کسی مشکل یا مصیبت میں پھنس جائیں تو اپنوں یا پولیس یا ایمبولنس وغیرہ کی بروقت مدد اس سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
زیورات اور زائد از ضرورت مالیت رکھنے والی دیگر چیزیں جو بعض اوقات کسی فوری ضرورت کے رفع کرنے میں صرف نہیں کی جا سکتیں، ان کے ہوتے ہوئے بھی ایسی حاجت مندی پیدا ہو جاتی ہے کہ ایسے افراد کی مدد زکوٰۃ کی مد سے کی جا سکتی ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اپنے عہدمیں اپنے عمال کو یہ حکم دیا تھا کہ:
’’أعطوا من الصدقۃ من ابقت لہ السنۃ غنمًا ولا تعطوھا من ابقت لہ السنۃ غنمین.(کتاب الاموال۱/ ۶۶۹)
’’صدقہ کے مال سے ان کی مدد کرو جن کا قحط سے صرف ایک ریوڑ بچ رہا ہو۔ ان کی مدد نہ کرو جن کے پاس دو ریوڑ بچ رہے ہوں۔‘‘
روایت میں لفظ ’غنم‘کاہے۔ ’غنم‘سے مراد بکریوں کا ایک ریوڑ ہوتا ہے جو کم و بیش سو بکریوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ظاہر ہے کہ سو بکریاں اس حد احتیاج سے بہت زیادہ ہیں جن میں آدمی زکوٰۃ کا مستحق قرار پاتا ہے۔ اتنی بکریوں کی موجودگی میں تو اس سے زکوٰۃ وصول کی جاتی ہے، لیکن اگر قحط یا سیلاب یا کسی دوسری آفت کے سبب سے کسی کا گلہ یا اس کے مویشی تباہ ہو جائیں اور اس کے پاس صرف سو بکریاں بچ رہیں تو وہ بحیثیت ایک غارم کے مستحق ہے کہ حکومت اسلامی صدقات کے فنڈ سے اس کو سہارا دے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو سنبھالے رکھ سکے۔‘‘ (مسئلۂ تملیک، مولانا امین احسن اصلاحی ۴۸)
اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ کسی پرکوئی آفت آ پڑے تو اس کے پاس موجود مال یا قابل وصول قرض، کمیٹی اور پراویڈنٹ فنڈ تک کا حساب کرنے نہیں بیٹھ جانا چاہیے، کہ جب تک وہ اپنی زائد از ضرورت اشیا سے دست کش یا محروم ہو کر بالکل محتاج نہ ہو کر رہ جائے، اس کی مدد نہ کی جائے۔ ایسے ریاضیاتی فارمولے دینی معاملات اور دینی امور کے اطلاقات میں تباہ کن اور دین کے مزاج کے خلاف ہیں۔ سماج کوئی ریاضیاتی مسئلہ ہے اور نہ شریعت اس کے مسائل اس انداز میں حل کرتی ہے۔ مسئلہ انسان کی مجبوری اور ضرورت کو رفع کرنا ہے۔ اگر آپ کا ضمیر اس پر اطمینان محسوس کرتا ہے کہ ایسے کسی ضرورت مند کو زکوٰۃ کے بجاے عام صدقہ سے مدد کی جا سکتی ہے تو جان لیجیے کہ اس کی مدد زکوٰۃ سے کرنا بھی اسی طرح درست ہے۔ البتہ زکوٰۃ لینے والے کو حتی المقدور خود داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اپنے وسائل کو کام میں لانا چاہیے تاکہ سماج کے زیادہ محروم طبقات محروم نہ رہ جائیں۔
مسلم اور غیر مسلم فقیر کا امتیاز
قرآن مجید کے الفاظ ’الْفُقَرَآءِ وَ الْمَسٰکِیْنِ‘ کی تعمیم مسلم و غیر مسلم کے استثنیٰ کو بھی قبول نہیں کرتی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول ایک روایت کے الفاظ سے ایسا سمجھ لیاگیا ہے، مگر ہمارے نزدیک وہ بھی ایسے کسی قانون کا بیان نہیں۔ حدیث کے الفاظ یہ ہیں:
تُؤْخَذُ مِنْ أَغْنِیَائِہِمْ وَتُرَدُّ عَلَی فُقَرَائِہِم. (بخاری، رقم ۱۳۹۵)
’’زکوٰۃ ان کے اغنیا سے لی جائے گی اور ان کے فقرا کی طرف لوٹا دی جائے گی۔‘‘
اس روایت سے یہ سمجھا گیا ہے کہ چونکہ زکوٰۃ مسلمانوں سے ہی لی جاتی ہے، اس لیے جب لوٹانے کی بات کی گئی ہے تو اس سے بھی مسلمان ہی مراد ہیں، لیکن روایت میں ایسی کوئی تصریح نہیں، نہ روایت کا اسلوب اس کی کوئی قطعی شہادت دیتا ہے۔ اس روایت میں جب یہ کہا گیا کہ ان کے خوش حال لوگوں سے زکوٰۃ لی جائے تو اس میں تو یہ پہلے سے طے ہے کہ وہ مسلمانوں سے لی جائے گی، کیونکہ یہ فرض ہی مسلمان پر ہوتی ہے، لیکن جب یہ کہا گیا کہ زکوٰۃ ان کے فقرا کی طرف لوٹائی جائے گی تو اس میں زیرِ بحث فقر ہے مسلمانی نہیں۔ ان کے فقرا میں غیر مسلم بھی شامل ہو سکتے ہیں، اگر ان کا استثنیٰ بتانا ہوتا تو اس موقع پر واضح کر دیا جاتا۔ یہ استثنیٰ ان الفاظ سے نہیں نکلتا۔ دوسری بات یہ کہ اسلام کے عمومی مزاج سے بھی یہ بات ہم آہنگ نہیں کہ وہ دنیاوی منفعت کے معاملات میں غیر مسلموں سے امتیاز برتے۔ تیسری بات یہ کہ جب اجتماعی بہبود کے کاموں میں بھی زکوٰۃ خرچ کی جائے گی، جیسا کہ ہم نے ثابت کیا کہ تملیک فقیر کی کوئی شرط نہیں ہے، تو اس کا فائدہ غیر مسلم شہریوں کو بھی لامحالہ ملے گا۔
سید اور ہاشمی کی تمیز
قرآن مجید میں مصارف زکوٰۃ کی آیت کے الفاظ کی تعمیم سید اور ہاشمی خاندان کے افراد کے استثنیٰ کو بھی قبول نہیں کرتی۔ درست بات یہ ہے کہ ان کے حاجت مندوں کی مدد بھی زکوٰۃ کی مد سے کی جا سکتی ہے۔ ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب اپنے اور اپنے خاندان کے لوگوں کے لیے زکوٰۃ کے مال میں سے کچھ لینے کی ممانعت فرمائی تھی تو اِس کی وجہ ہمارے نزدیک یہ تھی کہ اموال فے میں سے ایک حصہ آپ کی اور آپ کے اعزہ واقربا کی ضرورتوں کے لیے مقرر کردیا گیا تھا۔ اس وجہ سے زکوٰۃ کی مد سے ان کے حاجت مندوں کے لیے مزید فائدہ حاصل کرنا ریاست کے انتظامی اختیار کے تحت منع کر دیا گیا تھا۔ یہ حصہ بعد میں بھی ایک عرصے تک باقی رہا، اس لیے وہ زکوٰۃ وصول نہیں کرتے تھے۔ لیکن اِس طرح کا کوئی اہتمام، ظاہر ہے کہ ہمیشہ کے لیے نہ ہوسکتا ہے اور نہ اُسے کرنے کی ضرورت ہے۔لہٰذا بنی ہاشم کے فقرا و مساکین کی ضرورتیں بھی زکوٰۃ کے اموال سے اب بغیر کسی تردد کے پوری کی جاسکتی ہیں۔‘‘ (میزان، جاوید احمد غامدی ۳۵۰)
ii۔ ’عاملین علیہا‘
ہمارے فقہا نے اس مد کو عموماً محکمہ زکوٰۃ و عشر کے ملازمین، جو زکوٰۃ کی جمع و تقسیم پر مامور ہوتے ہیں، تک محدود کیا ہے کہ ان کا حق خدمت، یعنی تنخواہ زکوٰۃ کی مد سے ادا کی جائے گی۔ اس کام کا مجاز محکمہ حکومت کے زیر انتظام ہی چل سکتا ہے، اور وہی ان ملازمین کو زکوٰۃ کی مد سے تنخواہ دے سکتی ہے۔ اس بنا پر فقہا ایسی غیر سرکاری تنظیموں کے ملازمین کو زکوٰۃ کی مد سے تنخواہ دینے کو درست نہیں سمجھتے جو اپنے اعتماد پر لوگوں سے زکوٰۃ وصول کر کے عوام کی فلاح میں خرچ کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر ان کا کام، یعنی زکوٰۃ اکٹھا کرنا اور اسے اس کے مصارف میں خرچ کرنا، درست ہے تو ان خدمات پر تنخواہ لینا کس بنا پر درست نہیں؟ جس بنیاد پر انھیں اس خدمت کے لیے جواز دیا گیا ہے، اسی بنا پر حق خدمت لینا جائز کیوں نہیں ہو سکتا؟ ایسے کتنے رضاکار مل سکتے ہیں جو بلا معاوضہ کام کریں۔ معیشت کی تنگی کے اس دور میں لوگ ایک ملازمت اور ایک تنخواہ سے اپنی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں، وہاں یہ شرط عائد کرنا کہ اس دینی فریضہ کی ادائیگی کے لیے وہ اپنا وقت تو لگائیں، لیکن اپنی روزی روٹی کے لیے کوئی دوسرا ذریعہ اختیار کریں، یہ نہ صرف زیادتی ہے، بلکہ اس دینی فریضہ کی تکمیل میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔ یہ مطالبہ تو صحابہ سے نہیں کیا گیا۔ انھیں بھی اپنے اس کام کا معاوضہ دیا جاتا تھا، کجا آج اس کے لیے رضاکار ڈھونڈے جائیں۔
اس مسئلے کو ایک اور پہلو سے دیکھیے۔ غیر سرکاری تنظیمیں حکومت کی اجازت سے کام کرتی ہیں، اس لحاظ سے اس معاملے میں وہ حکومت کی نائب ہیں۔ چنانچہ جس طرح وہ زکوٰۃ کی جمع و تقسیم میں حکومت کی نائب ہیں، اسی طرح زکوٰۃ کی مد سے اپنے ملازمین کے حق خدمت مقرر کرنے میں بھی اس کی نائب ہو سکتی ہیں۔ اس معاملے میں انھیں خدا سے ڈرنے کی نصیحت ہی کی جا سکتی ہے کہ وہ حدود سے تجاوز نہ کریں۔
جیسا کہ پیش تر عرض کیا گیا، ایک مسلم ریاست کی اصل اور مستقل آمدنی زکوٰۃ و عشر اور زمین کا کرایہ ہی ہے، اوراس کا کام حاصل شدہ آمدنی کو عوام کی بہبود پر خرچ کرنا ہوتا ہے۔ زکوٰۃ کی آٹھوں مدات دراصل سماجی فلاح کے تمام زمروں کو شامل ہیں، جیسا کہ آگے کی سطور میں بھی ہم دکھائیں گے،اس لحاظ سے ریاست کے تمام ادارے اور اس کے تما م ملازمین دراصل ’عاملین علیہا‘ میں شامل ہیں جو کسی نہ کسی صورت میں سماج کی بہبود میں حکومت کو حاصل ہونے والی آمدنی خرچ کرتے ہیں۔ ’’ریاست کے تمام ملازمین درحقیقت ’العاملین علی أخذ الضرائب وردھا إلی المصارف‘ (ٹیکس وصول کرنے والے اور اس آمدنی کو اس کے مصارف میں خرچ کرنے والے) ہی ہوتے ہیں۔ چنانچہ یہ نہایت بلیغ تعبیر ہے جو قرآن نے اِس مدعا کو ادا کرنے کے لیے اختیار کی ہے۔اِس میں شبہ نہیں کہ لوگ بالعموم اِسے سمجھنے سے قاصر رہے ہیں، لیکن اِس کی جو تالیف ہم نے بیان کی ہے، اُس کے لحاظ سے دیکھیے تو اِس کا یہ مفہوم بادنیٰ تامل واضح ہوجاتا ہے۔‘‘ (میزان، جاوید احمد غامدی ۳۴۹)
iii۔ ’الْمُؤَلَّفَۃِ قُلُوْبُھُمْ‘
’’زکوٰۃ کا تیسرا مصرف مؤلفۃ القلوب ہیں۔ ابن کثیر نے مؤلفۃ القلوب کی مندرجہ ذیل قسمیں گنائی ہیں:
۱۔ ایسے غیر مسلم لیڈر اور سردار جن کو اسلام کی طرف مائل کرنا مقصود ہو۔
۲۔ ایسے با اثر نو مسلم جن کے اسلام سے پھر جانے کا اندیشہ ہو اور جن کا ارتداد اسلام اور مسلمانوں کے لیے مضر ہو سکتا ہو۔
۳۔ ایسے با اثر لیڈر جن کی تالیف قلب ان کے ہم چشموں کو اسلام کی طرف مائل کرنے میں مددگار ہو سکتی ہو۔
۴۔ ایسے سردار جو اپنے علاقہ میں اسلامی حکومت کو مالیہ کی وصولی میں مدد دیں اور سرحدی علاقوں کو دشمن کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔
...صفوان بن امیہ کو تو کفر پر باقی رہتے ہوئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بڑے بڑے عطیے دیے،یہاں تک کہ خود ان کا اپنا بیان یہ ہے کہ حنین کے موقع پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے دیا اور اس وقت میرے نزدیک آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ کوئی دوسرا مبغوض نہ تھا، لیکن آپ برابر دیتے رہے، یہاں تک کہ پھر آپ سے زیادہ میرے نزدیک کوئی دوسرا محبوب نہ رہا۔
مذکورہ ناموں اور مذکورہ مقاصد پر ایک نظر ڈال کر ہر شخص خود اندازہ کر سکتا ہے کہ یہ خرچ ایک بالکل پولیٹیکل خرچ ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ایسے لوگوں کو جو سیاسی اہمیت اور پولیٹیکل اثر و اقتدار رکھتے ہیں، اسلام اور اسلامی حکومت کے حق میں ہموار کیا جائے اور اگر وہ اسلام کے اندر(کسی نوعیت سے سہی) داخل ہو چکے ہیں تو ان کو اسلام پرمضبوط کیا جائے۔‘‘ (مسئلۂ تملیک، مولانا امین احسن اصلاحی۳۹۔ ۴۰)
یعنی ہم یہ نتیجہ اطمینان قلب سے نکال سکتے ہیں کہ زکوٰۃ کی مد اسلام اور مسلمانوں کے مفادمیں تمام سیاسی اخراجات کے لیے ادا کی جائے گی۔ یعنی ’’وہ لوگ ہیں جن کی اسلامی حکومت کے مصالح کے تحت دل داری پیش نظر ہو۔ بسا اوقات حکومت کو بعض ایسے ذی اثر لوگوں سے معاملہ کرنا پڑتا ہے جو حکومت کی پوری رعیت نہیں ہوتے، بلکہ ایسی پوزیشن میں ہوتے ہیں کہ اگر ان کو بزور قابو میں رکھنے کی کوشش کی جائے تو ڈر ہوتا ہے کہ وہ دشمن سے مل کر مسلمانوں کو نقصان پہنچائیں۔ خاص طور پر سرحدی علاقوں میں اس طرح کے لوگوں سے بڑے خطرے پہنچ سکتے ہیں اگر یہ دشمن بنے رہیں یا دشمن ان کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے۔ اس طرح کے لوگوں کو اپنی حمایت میں رکھنا اسلامی حکومت کے مصالح کا تقاضا ہوتا ہے اور اس کی شکل یہی ہوتی ہے کہ ان کی کچھ مالی سرپرستی کی جاتی رہے تاکہ ان کی ہمدردیاں اسلام کے دشمنوں کی بجائے اسلامی حکومت کے ساتھ رہیں۔ یہ ایک پولیٹیکل مصرف ہے جس پرحکومت اپنی دوسری مدوں سے بھی خرچ کرسکتی ہے اور اگر ضرورت محسوس کرے تو اس پر صدقات کی مد سے بھی خرچ کر سکتی ہے۔ یہ مؤلّفۃ القلوب غیر مسلم بھی ہوسکتے ہیں اور نام کے مسلمان بھی۔ اس تالیف قلب سے ایک فائدہ یہ بھی متوقع ہوتا ہے کہ یہ غیر مسلم یا نام کے مسلمانوں سے وابستہ رہنے کے سبب سے اسلام سے قریب تر ہو جائیں۔ ہمارے فقہاء کا ایک گروہ اس مصرف کو آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات یا بالفاظ دیگر اسلام کے غلبہ کے بعد ساقط قرار دیتا ہے، لیکن ہمارے نزدیک یہ بات کچھ زیادہ قوی نہیں ہے۔ یہ مصرف، جیسا کہ ہم نے اشارہ کیا، ایک پولیٹیکل مصرف ہے جو حالات کے تابع ہے، جس کی ضرورت کبھی پیش آتی ہے، کبھی نہیں۔ ایک مضبوط سے مضبوط حکومت بھی بعض اوقات دفع شر کے اس طریقے کو اختیار کرتی ہے، اس لیے کہ جبر اور طاقت کا ذریعہ اختیار کرنے میں نہایت پیچیدہ بین الاقوامی جھگڑے اٹھ کھڑے ہونے کے اندیشے ہوتے ہیں جن میں بروقت الجھنا حکومت کے مصالح کے خلاف ہوتا ہے۔‘‘(تدبر قرآن ۳/ ۵۹۱)
iv۔’فِی الرِّقَابِ‘
’’اس امر میں اختلاف ہوا ہے کہ اس سے مراد ہر طرح کے غلام ہیں یا صرف وہ غلام مراد ہیں جو اپنے آقاؤں سے ایک متعینہ رقم کی ادائیگی کی شرط پر اپنی آزادی کا اقرار حاصل کر لیتے ہیں،جن کو اصطلاح میں مکاتب کہتے ہیں۔ احناف اور شوافع کے نزدیک اس سے صرف مکاتب مراد ہیں۔ لیکن ابن عباس، حسن بصری، امام مالک، امام احمد بن حنبل، ابوثور، ابو عبید اور امام بخاری وغیرہ کے نزدیک یہ دونوں قسم کے غلاموں کے لیے عام ہے۔ ان کے نزدیک صدقات کی رقم سے ایک غلام کو خرید کر آزاد کرنا نہ صرف یہ کہ جائز ہے، بلکہ مکاتب کی اعانت کے مقابل میں اولیٰ و افضل ہے۔ لیکن احناف اور شوافع کے نزدیک صدقات کی مد سے مکاتب کی اعانت تو کی جا سکتی ہے، لیکن کسی غلام کو مستقلاً خرید کر آزاد نہیں کیا جا سکتا۔مجھے اس معاملہ میں امام مالک اور امام احمد بن حنبل کا مذہب زیادہ قوی معلوم ہوتا ہے۔ اول تو اس سبب سے کہ اس بحث میں سارا مدار سخن حرف لام پر ہے، تھوڑی دیر کے لیے مان لیجیے کہ وہ تملیک ہی کے مفہوم کے لیے خاص ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ ’الرقاب‘ پر وہ کہاں داخل ہے۔ یہاں سے تو اب ’فی‘ کا دخل شروع ہو جاتا ہے اور اس کے بعد جتنے مصارف بیان ہوئے ہیں، سب ’فی‘ ہی کے تحت ہیں۔ ’فی‘ کے متعلق یہ دعویٰ کوئی بھی نہیں کر سکتا کہ اس کے اندر بھی تملیک کے مفہوم کا کوئی شائبہ پایا جاتا ہے۔ اس کے اندر تو جیسا کہ اوپر گزرا مصلحت، مفاد اور بہبود کا مفہوم پایا جاتا ہے جس کے معنی یہ ہوئے کہ زکوٰۃ غلاموں کی بہبود اور ان کو آزاد کرنے کے لیے صرف کی جا سکتی ہے، قطع نظر اس سے کہ تملیک پائی جائے یا نہیں۔ ثانیاً ،یہ کہ ہم مانے لیتے ہیں کہ تملیک کا مفہوم ’فی‘ کے اندر بھی گھسا ہوا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اگر ہم ایک غلام کو اس کے مالک سے خرید کر آزاد کر دیتے ہیں تو اس میں تملیک کیوں نہیں پائی جاتی؟ اگر ایک مسکین کو زکوٰۃ کے پیسوں سے روٹی خرید کر دے دیں تو اس صورت میں تملیک پائی جائے گی یا نہیں۔ اسی طرح اگر ایک شخص کو ہم اس کی آزادی خرید کر اس کے حوالہ کر دیتے ہیں تو آخر اس میں تملیک کیوں نہیں پائی گئی؟ یہ ہم نے اس مفروضہ پر عرض کیا ہے کہ تملیک کا مفہوم ’فی‘ کے اندر بھی لے لیا جائے، لیکن ہمارے نزدیک، جیسا کہ عرض کیا گیا ، یہ صحیح نہیں ہے۔ ’فی‘ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ صدقات و زکوٰۃ غلاموں کی بہبود اور ان کی آزادی کی مہم میں صرف کیے جا سکتے ہیں۔اگر کوئی مکاتب اپنی مکاتبت کی رقم ادا کرنے کے لیے اعانت کا طالب ہے تو آپ اس کو بھی دے سکتے ہیں اور اگر آپ خود کسی غلام کو خرید کر اس کو آزاد کرنا چاہیں تو یہ بھی بے تکلف کر سکتے ہیں، بلکہ خدانخواستہ کسی جنگ کے نتیجہ کے طور پردنیا میں پھر غلامی کا مسئلہ ہو جائے اور خدمت انسانیت کے نصب العین کو سامنے رکھ کر ایسی انجمنیں قائم ہوں جو ان غلاموں کی آزادی اور ان کی سود وبہبود کے لیے وسیع پیمانہ پر تحریک چلائیں تو اس تحریک پر بھی صدقات و زکوٰۃ کی رقم خرچ کرنے میں کوئی مضایقہ نہیں ہونا چاہیے۔‘‘ (مسئلۂ تملیک، مولانا امین احسن اصلاحی ۴۴)
v۔ ’الْغَارِمِیْنَ‘
’’زکوٰۃ و صدقات کا مال غارمین کی امداد میں بھی خرچ کیا جا سکتا ہے۔ غارمین سے مراد وہ لوگ ہیں جو کسی کاروباری اتار چڑھاؤ یا حالات کی نا مساعدت کے سبب سے قرضے کے نیچے دب گئے ہوں۔ یا کسی آفت ارضی و سماوی، سیلاب یا قحط نے ان کے گلہ یا باغ یا کھیتی یا سرمایہ یا مکانات یا کاروبار کو تباہ کر دیا ہو یا انھوں نے اصلاح ذات البین (فریقین کے درمیان صلح کرانے) کے ارادہ سے دوسروں کی کوئی مالی ذمہ داری اپنے سر لے لی ہو۔
اس طرح کے لوگوں کی امداد اس نقطۂ نظر سے کی جائے گی کہ یہ معاشرہ کے کماؤ اور قابل افراد ہیں، ان کو گرنے اور تباہ ہونے سے بچایا جائے تاکہ یہ جس چکر میں آگئے ہیں، اس سے نکل کر پھر اپنی صلاحیتوں سے قوم اور معاشرہ کو بہرہ مند کر سکیں۔ ان کی امداد ان کے فقر یا ان کی مسکنت کی بنا پر نہیں کی جائے گی۔ اگر اس بنا پر کی جانی ہوتی تو ان کا ذکر ایک مستقل عنوان سے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ پھر تو یہ فقرا اور مساکین کے زمرہ میں آپ سے آپ آجاتے ۔ اس وجہ سے ان لوگوں کی احتیاج کے ناپنے کا پیمانہ اس سے بالکل مختلف ہو گا جو فقرا اور مساکین کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے دلائل ملاحظہ ہوں:
کتب عمر بن عبد العزیز أن اقضوا عن الغارمین فکتب إلیہ إنا نجد الرجل لہ المسکن، والخادم والفرس والأثاث فکتب عمر أنہ لا بد للمرء المسلم من مسکن یسکنہ، وخادم یکفیہ مھنتہ، وفرس یجاھد علیہ عدوہ ومن أن یکون لہ الأثاث في بیتہ. نعم فاقضوا عنہ. (کتاب الاموال ۵۵۶)
’’حضرت عمر بن عبدالعزیز نے اپنے عمال کو یہ فرمان لکھا کہ زیر باروں (غارمین) کے قرضے ادا کیے جائیں۔ ان کے عمال کی جانب سے ان کو یہ اطلاع دی گئی کہ ان میں ایسے لوگ بھی ہیں جن کے پاس مکان موجود ہے، نوکر موجود ہے، گھوڑا موجود ہے، گھر میں فرنیچر اور اثاثہ موجود ہے۔ کیا ایسے لوگوں کے قرضے بھی اتارے جائیں؟ حضرت عمر بن عبدالعزیز نے جواب میں لکھا کہ ایک مسلمان کے لیے ایک مکان جس میں وہ رہ سکے، ایک نوکر جو اس کا ہاتھ بٹا سکے، ایک گھوڑا جس پر وہ اپنے دشمن سے مقابلہ کر سکے اور گھر میں کچھ سروسامان تو ناگزیر چیزیں ہیں۔ اس وجہ سے میں کہتا ہوں کہ ہاں، ان لوگوں کے قرضے بھی ادا کرو۔‘‘
معلوم ہوتا ہے کہ حضرت عمر بن عبدالعزیز کے عمال کو یہ شبہ ہوا تھا کہ غارمین جب تک فقر کی اس حد کو نہ پہنچ جائیں جو فقرا و مساکین کے لیے مقرر ہے، اس وقت تک صدقات کی مد سے ان کے قرضے یا ان کی ذمہ داریاں نہیں ادا کی جا سکتی ہیں، لیکن حضرت عمر بن عبدالعزیز نے اپنے جواب سے یہ بات صاف کر دی کہ اس طبقہ کا صرف فقر دور کرنا مقصود نہیں ہے، بلکہ اس کو اٹھانا مقصود ہے۔ اس وجہ سے اس کی احتیاج کو اس پیمانہ سے نہ ناپو جس پیمانہ سے فقرا و مساکین کی احتیاج کو ناپتے ہو۔‘‘(مسئلۂ تملیک ۴۶)
vi۔ ’فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ‘
’’یہ ایک جامع اصطلاح ہے جس کے تحت جہاد سے لے کر دعوت دین اور تعلیم دین کے سارے کام آتے ہیں۔ وقت اور حالات کے لحاظ سے کسی کام کو زیادہ اہمیت حاصل ہو جائے گی، کسی کو کم جس کام سے بھی اللہ کے دین کی کوئی خدمت ہو، وہ ’فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ‘ کے حکم میں داخل ہے۔‘‘ (تدبر قرآن ۳/ ۵۹۳)
قرآن میں ’فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ‘ کن مفاہیم میں استعمال ہوا ہے، ملاحظہ کیجیے:
وَلَا تَقُوْلُوْا لِمَنْ یُّقْتَلُ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ اَمْوَاتٌ بَلْ اَحْیَآءٌ وَّلٰکِنْ لَّا تَشْعُرُوْنَ.(البقرہ۲: ۱۵۴)
یہاں جہاد و قتال فی سبیل اللہ مراد ہے۔
اَلَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَھُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ ثُمَّ لَا یُتْبِعُوْنَ مَآ اَنْفَقُوْا مَنًّا وَّلَآ اَذًی لَّھُمْ اَجْرُھُمْ عِنْدَ رَبِّھِمْ وَ لَاخَوْفٌ عَلَیْھِمْ وَلَا ھُمْ یَحْزَنُوْنَ. قَوْلٌ مَّعْرُوْفٌ وَّ مَغْفِرَۃٌ خَیْرٌ مِّنْ صَدَقَۃٍ یَّتْبَعُھَآ اَذًی وَاللّٰہُ غَنِیٌّ حَلِیْمٌ.(البقرہ۲: ۲۶۲۔۲۶۳)
’’جو لوگ اللہ کی راہ میں اپنے مال خرچ کرتے ہیں ، پھر جو کچھ خرچ کیا ہے ، اُس کے پیچھے نہ احسان جتاتے ہیں ، نہ دل آزاری کرتے ہیں، اُن کے لیے اُن کے پروردگار کے ہاں اُن کا اجر ہے اور اُن کے لیے نہ وہاں کوئی اندیشہ ہے اور نہ وہ کبھی غم زدہ ہوں گے۔ ایک اچھا بول اور (ناگواری کا موقع ہو تو) ذرا سی چشم پوشی اُس خیرات سے بہتر ہے جس کے ساتھ اذیت لگی ہوئی ہو۔ اور (تمھیں معلوم ہونا چاہیے کہ اِس طرح کی خیرات سے) اللہ بے نیاز ہے۔ (اِس رویے پر وہ تمھیں محروم کر دیتا، لیکن اُس کا معاملہ یہ ہے کہ اِس کے ساتھ) وہ بڑا بردبار بھی ہے۔‘‘
اس سے مراد عام لوگوں پر صدقہ و خیرات کرنا ہے۔
لِلْفُقَرَآءِ الَّذِیْنَ اُحْصِرُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ لَا یَسْتَطِیْعُوْنَ ضَرْبًا فِی الْاَرْضِ.(البقرہ۲: ۲۷۳)
’’یہ (صدقہ و خیرات، بالخصوص)اُن غریبوں کے لیے ہے جو اللہ کی راہ میں گھرے ہوئے ہیں ، (اپنے کاروبار کے لیے) زمین میں کوئی دوڑ دھوپ نہیں کر سکتے۔‘‘
یہ اشارہ ان مہاجرین کی طرف ہے جن کے ٹھکانے اور ذریعۂ معاش کا بندوبست نہ ہو سکا تھا۔ ان کی یہ مجبوری ہجرت کے سبب ہوئی تھی جو خدا کے دین کے لیے کی گئی تھی۔ اسی طرح دین کی نشرو اشاعت اور تعلیم و تعلم کی مصروفیات میں وقف مستحق افراد کی مالی مدد بھی زکوٰۃ سے کی جا سکتی ہے۔ یہ سب سبیل اللہ میں شامل ہے۔
اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَھُمْ لِیَصُدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ.(الانفال ۸: ۳۶)
’’جن لوگوں نے کفر کیا، وہ اپنا مال اس لیے خرچ کرتے ہیں کہ لوگوں کو اللہ کے راستہ سے روکیں۔‘‘
یہاں ’سبیل اللہ‘ سے مراد اسلام بہ حیثیت مجموعی مراد ہے۔
گویا سبیل اللہ ایک وسیع مفہوم رکھتا ہے۔اس میں دینی امور سے متعلق نیکی اور بھلائی کے تمام کام شامل ہیں۔
vii۔ ’وَابْنِ السَّبِیْلِ‘
’’’وَابْنِ السَّبِیْلِ‘ اس کا مستقل ذکر اس بات کی دلیل ہے کہ مسافر، مجرد مسافر ہونے کی بنا پر اس بات کا حق دار ہوتا ہے کہ صدقات سے اس کو فائدہ پہنچایا جائے۔ مسافرت اس کو ایسی حالت میں ڈال دیتی ہے کہ قانونی اور اصطلاحی اعتبار سے فقیر نہ ہونے کے باوجود بھی وہ ایک اجنبی جگہ میں اپنی بعض ضروریات کے لیے ایسا محتاج ہوتا ہے کہ اگر اس کی دست گیری نہ کی جائے تو وہ اپنے ذاتی ذرائع سے غریب الوطنی میں ان کا کوئی انتظام نہیں کر سکتا۔ اس طرح کے لوگوں کے لیے سرائیں، مسافر خانے، قیام و طعام، سڑکیں، پلیں وغیرہ کی تعمیر اور رہنمائی کے مراکز قائم کرنا بھی ان کاموں میں شمار ہے جن پر صدقات سے خرچ کیا جا سکتا ہے، یہ امر ملحوظ رہے کہ یہ بھی ’فی‘ کے تحت بیان ہوا ہے جس سے یہ بات نکلتی ہے کہ مسافروں کی سہولت اور آسائش کے تمام ضروری کام اس میں شامل ہیں۔‘‘ (تدبر قرآن ۳/ ۵۹۳)
امید کی جاتی ہے کہ علما اور عوام زکوٰۃ کی اس تفہیم پر غور کریں گے اور اس کے درست استعمال کی طرف متوجہ ہوں گے تاکہ خدا کا دین اور زکوٰۃ کے بارے میں اس کی اسکیم پوری طرح فعال ہو کر فرد اور سماج کی بہبود میں کام آ سکے۔
------------
یہ بھی پڑھیں !
------------
یہ بھی پڑھیں !