سیّد عطاء اللہ شاہ بخاریؒ ۔۔۔ ایک نادر شخصیت



ڈاکٹر عمر فاروق احرار

سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ 
حضرت امیر شریعت مولانا سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمتہ اللہ علیہ کی انمول یادوں کے تذکرے جس طرح اہلِ اسلام کے دلوں میں تازہ ہیں، محسوس ہوتا ہے کہ شاہ صاحب اب بھی ہم میں موجود ہیں، حالانکہ انہیں اس عالم سے رخصت ہوئے نصف صدی سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، مگر اُن کی یادوں کی خوشبو آج بھی سروسمن کی وسعتوں سے دارو رسن کی حدوں تک پھیلی ہوئی ہے۔سید عطاء للہ شاہ بخاری 23؍ ستمبر 1892ء میں صوبہ بہار (انڈیا) کے علاقہ پٹنہ میں پیدا ہوئے۔ خاندانی نجیب الطرفینی ان کا مقدر بنی۔ اوائل عمری میں ہی اردو زبان وبیان کے رموز سے بہرہ ور ہوئے۔ علم کی پیاس پٹنہ سے امرتسر کے مردم خیز خطّے میں لے آئی۔ تعلیم تکمیل کو پہنچا ہی چاہتی تھی کہ ہندوستان میں تحریک خلافت کا آغاز ہوگیا۔ امرتسر ان دنوں سیاست کا مرکز تھا۔ شاہ صاحب بھی سیاست کی تپش سے محفوظ نہ رہ سکے۔ تعلیم کا سلسلہ موقوف کیا اور سامراج کے تُرک مسلمانوں پرظلم وزیادتی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔ شعلہ بار خطابت کا ملکہ قدرت نے وافر مقدار میں مہیا کر رکھا تھا۔ بس اسے آگ دکھانے کی دیر تھی۔ خلافت عثمانیہ کے نحیف و نزار وجود کو انگریزوں نے روند ڈالا تو سید عطاء اللہ شاہ بخاری برصغیر کے چپے چپے میں پہنچے اور انہوں نے اپنی آتشیں تقریروں سے فرنگی سرکار کے خلاف عوام الناس کے دِلوں میں بغاوت کے شعلے بھڑکا دئیے۔ اسی تحریک خلافت میں ہی وہ پہلی مرتبہ عین عالم شباب میں جیل کی آزمائشوں میں ڈ الے گئے اور قید و بند کا یہ سلسلہ ایسا مضبوط ہوا کہ پھران کی ساری زندگی ’’ریل اور جیل‘‘ سے عبارت ہوگئی۔

1929ء میں اپنے ساتھیوں مولانا ظفر علی خان، چودھری افضل حق، شیخ حسام الدین، مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی، ماسٹر تاج الدین انصاری اور مولانا مظہر علی اظہر کے ساتھ مل کر برصغیر کی مقبول جماعت مجلس احرار اسلام کی بنیاد رکھی۔ 1930ء میں جب ان کی عمر محض اڑتیس برس تھی، اپنے وقت کی عظیم دینی شخصیت علامہ سیّد انور شاہ کاشمیریؒ کی تجویز پر پانچ سو جیّد علمائے کرام اور مشائخ نے ختم نبوت کے محاذ پر اُن کو ’’امیرشریعت‘‘ تسلیم کرتے ہوئے اُن کے ہاتھ پر بیعت کرلی یوں متحدہ پنجاب شاہ صاحب کی مضبوط قیادت میں آ گیا۔ پھر مجلس احرار اسلام نے ان کی رہنمائی میں بیسیوں معرکے سر کئے، جن کی تفصیلات تاریخ کا حصہ ہیں اور تاریخ کو ہم جیسے طالب علموں کی گواہی کی ضرورت نہیں ہے۔ قسّامِ ازل نے بخاریؒ صاحب کو گوناگوں خصوصیات سے نوازا تھا۔ وہ اپنی ذات میں بیک وقت بے مثل خطیب، برجستہ گو شاعر اور شعر فہمی میں یکتائے فن، متبحر عالم دین، سیاست دان، مدبر، نابغہ اور صاحبِ بصیرت انسان تو تھے ہی، مگر اس کے ساتھ ساتھ معاملہ فہمی، مزاج شناسی، دوست داری، وضع داری، تحمل و رواداری جیسی صفات بھی اُن کی ذات میں بدرجہ اتم موجود تھیں۔ یہی وہ بنیادی وجوہ تھیں جن کی بناء پر وہ مرجع خلائق اور عام و خاص کے دِلوں کی دھڑکن تھے۔ برصغیر میں شاہ صاحب جیسی کسی دوسری دلنواز شخصیت کا وجود عنقا تھا۔ وہ اپنے دینی اصول و عقائد پر سختی کے ساتھ کاربند تھے اور ان میں کسی نرمی اور ترمیم کے روادار نہ تھے، مگر ذاتی حیثیت سے وہ ہر دینی و سیاسی، علمی وادبی حتیٰ کہ ایک حد تک مذہب سے گریز پا طبقات میں بھی ہر دلعزیز تسلیم کیے جاتے تھے۔ اسی سبب وہ جہاں علامہ سیّد انور شاہ کشمیریؒ جیسی عظیم دینی ہستی کے منظور نظر تھے، وہیں وہ فیض احمد فیض، صوفی تبسم، اختر شیرانی، جگر مراد آبادی، عبد الحمید عدم، ساغر صدیقی جیسے رندانِ بلاکش کے ہاں میر محفل مانے جاتے تھے۔
شاہ صاحب برصغیر کی وہ واحد شخصیت تھے جن کا احترام ہر طبقے میں پایا جاتا تھا۔ وہ جہاں حضرت پیر سیّد مہر علی شاہ گولڑویؒ ، حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ اور قطب الاقطاب حضرت شاہ عبد القادر رائے پوریؒ کی محبتوں کا مرکز تھے ،وہیں وہ شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنی اور مفتی اعظم مولانا مفتی کفایت اللہ دہلویؒ کی آنکھوں کی ٹھنڈک بھی تھے۔ شاہ صاحب یکساں طور پر مولانا ابو الکلام آزاد، علامہ محمد اقبالؒ اور مولانا محمد علی جوہر کی عنایات اور ان کی صحبتوں سے فیض یاب ہوئے۔ مولانا ظفر علی خان، مولانا غلام رسول مہر، مولانا عبدالمجید سالک جیسے کہنہ مشق صحافیوں، مولانا غلام قادر گرامی، حفیظ جالندھری، احسان دانش، احمد ندیم قاسمی، سیف الدین سیف، حبیب جالب جیسے شاعروں اور ڈاکٹر ایم ڈی تاثیر، ڈاکٹر سید محمد عبد اللہ، پطرس بخاری، علامہ طالوت، نسیم حجازی جیسے ادیبوں کے شاہ صاحب کے ساتھ قریبی مراسم تھے۔ایک طرف وہ دینی حلقے کے محبوب تھے تو دوسری طرف اشتراکی رہنما کامریڈ محمد اشرف، منشی احمد دین، سبط حسن، عبد اللہ ملک بھی شاہ صاحب کی محفلوں کے رکن تھے۔مختلف النوع شخصیات کے شاہ صاحب کے ساتھ تعلقات کو دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ عقائد و نظریات کے مابین واضح فرق کے باوجود یہ سب لوگ شاہ صاحب کے ساتھ پیار و محبت اور انس و مروّت کیسے روا رکھتے تھے! درحقیقت یہ شاہ صاحب کی وسعت ظرفی، تحمل مزاجی، شفقت و رواداری کے علاوہ ان کی انسان دوستی تھی، کیونکہ انہوں نے ایک دینی رہنماکی حیثیت سے اسلام کے اصولوں کے عین مطابق کسی فرد سے اس کے عقیدے ونظریے کی بناء پر نفرت نہیں کی،بلکہ ایک معالج کی طرح مرض سے نفرت ضرور کی، مگر مریض کو گلے لگایا۔ان کے حسن سلوک سے بے شمار لوگوں کو ہدایت نصیب ہوئی۔ انہوں نے ایک داعی کا کردار ادا کیا اور داعی کسی سے نفرت نہیں کیا کرتا۔ آج عمل کی جگہ خود ساختہ نظریات کی شدت نے عموماً مذہبی رہنماؤں میں درشتی اور کرختگی پیدا کردی ہے۔ بعض اوقات ان کے نامناسب طرز سلوک سے دیگر طبقوں کے افراد اُن کے قریب آنے سے گریز کرتے ہیں۔

ممتاز نعت گو شاعر حافظ لدھیانویؒ شاہ صاحب کو ملنے ملتان آئے۔ مغرب کی نماز کے لئے جماعت کھڑی ہوئی تو شاہ صاحب نے خود مصلیٰ امامت پر کھڑے ہونے کی بجائے فرمایا کہ آج ہم حافظ بیٹا کے پیچھے نماز پڑھیں گے۔یہ حکم سن کر داڑھی منڈے نوجوان حافظ لدھیانوی کے بقول اُن کا وجود کانپ کر رہ گیا، لیکن چارو ناچار اُن کو شاہ صاحب سمیت بہت سے علماء کرام کی امامت کرنا پڑی۔ شاہ صاحب کے اس برتاؤ سے اگلے دن سے ہی حافظ لدھیانوی نے بغیر کسی کے کہنے کے داڑھی رکھ لی۔ افسوس کہ اب یہ حسن سلوک کہیں نظر نہیں آتا اور نئی نسل دین والوں سے دُور ہوتی جا رہی ہے۔ شاہ صاحب فرماتے تھے کہ: ’’دو چیزوں نے دین کو نقصان پہنچایا ہے۔ پہلی چیز دین سے تعصب اور دوسری دین میں تشدد۔ یہی وجہ ہے کہ پہلی چیز سے دین کی دعوت ختم ہوگئی ہے اور دوسری چیز سے نوجوان دین سے باغی ہو رہے ہیں‘‘۔۔۔لوگوں کے عیبوں کی پردہ پوشی شاہ صاحب کا عمر بھر شیوہ رہا۔ وہ خوبیوں پر نگاہ رکھتے اور کمزوریوں سے درگزر فرماتے تھے۔ ایک مرتبہ رند مشرب شاعر عبد الحمید عدم، شاہ صاحب کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ عدم نشے میں تھے، شاہ صاحب نے تاڑ لیا، مگر اپنے رویے سے محسوس تک نہ ہونے دیا کہ انہیں عدم کے مدہوش ہونے کا پتا چل چکا ہے۔ چائے بنا کر پلائی اور پھر عدم کی جھوٹی پیالی میں چائے ڈال کر خود نوش فرمالی۔ جتنی دیر عدم حاضر رہے، منہ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے رہے تاکہ شاہ صاحب بو نہ پہنچے اور شاہ صاحب نے بھی ان سے اپنی محبت وشفقت میں بال برابر کمی نہ آنے دی، بلکہ عدم سے ان کا کلام سنتے اور داد دیتے رہے۔ عدم کے چلے جانے کے بعد کسی شریک محفل نے کہا کہ شاہ صاحب آپ کو معلوم ہے کہ عدم نے شراب پی ہوئی تھی۔ شاہ صاحب شدید غصے میں آگئے اور فرمایا کہ تم خاموش نہیں رہ سکتے تھے۔ یاد رکھو! کسی کے عیبوں پر پردہ ڈالنے سے اللہ تمہارے عیبوں پر بھی پردہ ڈال دے گا۔تمام مکاتب فکر نے شاہ صاحب کی وسعتِ ظرفی اور وسیع المشربی کی بدولت ان کو اپنے سر اور آنکھوں پر جگہ دی۔ دل سے ان کا احترام کیا اور اس طرح وہ سب کے لئے عقیدت ومحبت کا روشن مینار تھے۔ اپنی بے مثال قوتِ لسانی، فکر و نظر کی پختگی اور حلم و تواضع کے پیشِ نظر وہ ہندوستان کی ہر دلعزیز شخصیت تھے۔ مشہور انگریز مصنف ڈبلیو، سی سمتھ نے شاہ صاحب کی ایسی ہی خصوصیات کے پیش نظر بجا طور پر لکھا تھا کہ: ’’یہ غیر معمولی انسان ہندوستان کی سب سے زیادہ اثر آفریں شخصیت ہونے کا نہایت قوی دعویٰ کر سکتا ہے‘‘۔۔۔(’’ماڈرن اسلام ان انڈیا‘‘صفحہ266۔مطبوعہ لندن۔1946ء)۔۔۔شاہ صاحب نے 21؍ اگست 1961ء کو ملتان میں رحلت فرمائی اور وہیں آسودۂ خاک ہیں۔ اللہ ان کی قبر کو اپنی رحمتوں سے بھر دے اور اُن کا سچا نعم البدل عطا کرے جو اُنہی کی طرح تمام طبقات کو اتحاد و یگانگت کا آفاقی درس دے اور اُمت کو توحید وختم نبوت کی اساس پر یک جا کر دے۔ آمین 
------------------------------------------