شام کی تاریخی حیثیت

شام یا لیونت (انگریزی: The Levant) مشرق وسطٰی کے ایک بڑے علاقے کے لیے استعمال ہونے والی ایک غیر واضح تاریخی اصطلاح ہے۔ یہ علاقہ مغرب میں بحیرہ روم، مشرق میں صحرائے عرب کے شمالی حصوں اور بالائی بین النہرین اور شمال میں کوہ ثور کے درمیان واقع ہے۔ لیونت میں کوہ قفقاز، جزیرہ نما عرب یا اناطولیہ کا کوئی حصہ شامل نہیں سمجھا جاتا۔

یہ اصطلاح انگریزی میں پہلی بار 1497ء میں استعمال ہوئی جس کا مطلب "وینیٹیا کے مشرق میں بحیرہ روم کی سرزمین" کو واضح کرنا تھا۔ لیونت قرون وسطٰی کی فرانسیسی زبان کے لفظ سے نکلا ہے جس کا مطلب "ابھرنا" ہے اور اس ضمن میں اس خطے کو ابھرتے سورج کا علاقہ سمجھا جا سکتا ہے اور اسے عربی کے لفظ مشرق کا متبادل سمجھا جا سکتا ہے یعنی وہ علاقہ جہاں سے سورج طلوع ہوتا ہے۔

19 ویں صدی کے سفرناموں میں یہ اصطلاح سلطنت عثمانیہ کے زیر نگیں مشرقی علاقوں کے لیے استعمال ہونے لگی۔

لیونتیائی باشندوں کی اصطلاح خاص طور پر اطالویوں کے لیے استعمال ہوتی ہے خصوصاً وینس اور جینووا، فرانسیسی اور دیگر جنوبی یورپی نسل کے باشندوں کے لیے استعمال ہوتی ہے جو صلیبی جنگوں، بازنطینی سلطنت اور عثمانی سلطنت کے ادوار میں ترکی یا بحیرہ روم کے مشرقی ساحلوں پر رہتے تھے۔ ان افراد کے آبا و اجداد دراصل بحیرہ روم کی بحری مملکتوں کے رہنے والے تاجر تھے۔

1920ء سے 1946ء تک فرانس کے زیر قبضہ سوریہ اور لبنان لیونت ریاستیں (بلاد شام) کہلاتے تھے۔

آج کل لیونت کی اصطلاح ماہرین آثار قدیمہ اور تاریخ دان خطے کی قبل از تاریخ، قدیم اور قرون وسطٰی کی تاریخ کے حوالے سے استعمال میں رہتی ہے خصوصاً جب وہ صلیبی جنگوں کا ذکر کرتے ہیں۔

دمشق (عربی: دِمَشْق) شام  کا دارالحکومت اور دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک۔ اسے عربی میں الشام بھی کہا جاتا ہے۔ سطح سمندر سے 2260 فٹ کی بلندی پر آباد ہے۔ اس کے چاروں طرف باغات اور مرغزار ہیں۔ جن کے گرد پہاڑیاں پھیلی ہوئی ہیں۔ زمانہ قدیم میں یہ شہر علی الترتیب آرمینی، آشوری اور اہل فارس کے زیر تسلط رہا۔ 333 ق م میں اسے سکندر اعظم نے تسخیر کیا اور 62 ق م میں یہ رومی سلطنت کا صوبائی مرکز بنا۔

635ء خلافت عمر فاروق رَضی اللہُ تعالیٰ عنہُ میں اس شہر پر اسلامی پرچم لہرایا۔ 661ء تا 741ء خلافت امویہ کا صدر مقام رہا۔ عباسیوں نے بر سر اقتدار آنے کے بعد بغداد کو دار الخلافہ بنایا لیکن دمشق کی اہمیت پھر بھی باقی رہی۔ صلیبی جنگوں کے دوران یہ شہر کافی عرصہ میدان کارزار بنا رہا۔ 1260ء میں ہلاکو خان نے اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ ایک سو سال بعد اسے امیر تیمور نے فتح کیا۔ 1516ء میں عثمانی ترک اس پر قابض ہوئے۔ جب شام فرانس کی تولیت میں دیا گیا تو شہر حلب (Aleppo) کے ساتھ دمشق بھی ملک کا دار الحکومت رہا۔ 1946ء میں آزاد شام کا دار الحکومت بنا۔ اس شہر کو یہ فخر حاصل ہے کہ تین عظیم اسلامی فاتحین نور الدین زنگی، صلاح الدین ایوبی اور رکن الدین بیبرس کی آخری آرام گاہیں یہاں موجود ہیں۔ دمشق دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے جو مسلسل آباد ہے۔