محمد اقبال
روزنامہ دنیا ،
تاریخ اشاعت : 27 جولائی 2018ء
ہر انسان صحت مند رہنا چاہتا ہے لیکن اس کے لیے طرز زندگی کا صحت کے اصولوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ خوشگوار اور بھر پور زندگی کے لیے ایسا کرنا لازم ہے۔
یوں انسان تروتازہ اور توانا رہتا ہے اور موڈ بحال رہتا ہے۔ صحت مند طرز زندگی کے اصولوں کو اپنا کر بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں بھر پور اور مکمل نیند انتہائی اہم ہے۔
اس کے بہت سے فوائد ہیں۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ یہ جسم کو متناسب رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند شوگر اور شریانوں کے سکڑنے کی بیماری کے امکانات کو کم کرتی ہے۔ نیند کا پورا نہ ہونا چڑچڑاپن، تھکاوٹ اور طبیعت کی خرابی کا باعث بنتا ہے۔
نیند کی کمی موٹاپے اور بھوک بڑھانے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ اس کے بعد ضروری ہے کہ روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ ورزش کی جائے۔ تندرست، چاک و چوبند اور توانا رہنے کے لیے ورزش سے بہتر کوئی نسخہ نہیں۔ لیکن یاد رہے کہ ورزش کرنے والے جسم کو متوازن خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ ورزش، معدے، دوران خون، دل، دماغ وغیرہ کے حوالے سے پیدا ہونے والے مسائل کو دورکرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
یہ رگوں میں خون کو منجمد ہونے سے بچاتی ہے اور دل کی دھڑکن کو کنٹرول کرتی ہے۔ تازہ ہوا میں چہل قدمی یا ورزش سے پھیپھڑوں کو تازہ ہوا میسر آتی ہے۔ اس سے ذہن بھی تازگی محسوس کرتا ہے۔ جسمانی تھکاوٹ دور ہوتی ہے اور ذہنی سکون بھی حاصل ہوتا ہے۔ تھوڑی سی دیر ہلکی دھوپ میں بھی جانا چاہیے۔
اس سے وٹامن ڈی کی کمی سے بچا جا سکتا ہے۔ وٹامن ڈی ہڈیوں کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ پھیپھڑوں کے سرطان سے بچانے کے لیے بھی ضروری ہے