
ارشمیدس کا قانون
ارشمیدس نے یہ قانون بھی دریافت کیا کہ کسی ٹھوس شے کو کسی مائع کے اندر پورے طور پر ڈبو دیا جائے تو اس شے کے وزن میں کمی آجاتی ہے اور یہ کمی اس شے کے مساوی الحجم مائع کے وزن کے برابر ہوتی ہے۔ حکیم ارشمیدس نے اس قانون کی مدد سے شاہ ہیرو کے سونے کے تاج کا معما حل کیا تھا۔ اسے یہ خیال پیدا ہوا تھا کہ اگر شاہی تاج کوپانی میں ڈبویا جائے تو اس کے وزن میں کمی پیدا ہوگی اور اگر تاج کے ہم وزن سونے کی ڈلی لے کر اسے پانی میں ڈبویا جائے تو اس کا وزن کم ہو جائے گا۔ اگر دونوں صورتوں میں وزن کی یہ کمی برابر ہوئی تو اس کا مطلب ہوگا کہ تاج خالص سونے کا ہے۔ تجربہ کرنے پر اس نے معلوم کر لیا کہ جوہری نے تاج میں کھوٹ ملائی تھی۔ ارشمیدس نے اس موضوع پر ایک مکمل کتاب لکھی۔ کتاب کا نام’’ تیرنے والے اجسام ‘‘ ہے۔ جو دنیا میں ماسکونیات پر پہلی تصنیف ہے۔